انگلینڈ کے خلاف میک کے کی ہیٹ ٹرک بھی آسٹریلیا کے کام نہ آ سکی

انگلینڈ نے بھرپور مقابلے کے بعد چوتھے ون ڈے میں 3وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔


Sports Desk/AFP September 15, 2013
چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل:انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن کو ایل بی ڈبلیو کرنے پر آسٹریلوی پیسر کلنٹ میک کے کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو: گیٹی امیجز

انگلینڈ نے بھرپور فائٹ کرکے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 3وکٹ سے شکست دے دی،5میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگی۔

فیصلہ کن معرکہ منگل کو سائوتھمپٹن میں ہوگا، کینگرو بولر کلنٹ میک کے کی ہیٹ ٹرک ٹیم کے کام نہ آ سکی، میزبان بیٹسمینوں کیربری، ایون مورگن اور جوز بٹلر نے دھندلادیا۔ تفصیلات کے مطابق227 کا ہدف پانے والی انگلش ٹیم کی جوابی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا، پیسر کلنٹ میک کے نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو 8 رنزپر تین نقصانات پہنچا دیے،، وہ ون ڈے میں ہیٹ ٹرک بنانے والے پانچویں آسٹریلوی بولر بنے، انھوں نے کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ اور جوئے روٹ کو مسلسل گیندوں پر پویلین چلتا کیا، مائیکل کیربیری اور مورگن نے مشکل حالات میں چوتھی وکٹ کیلیے 104رنز کی شراکت سے اسکور کو 112تک پہنچایا،اس موقع پر مورگن 53 رنز بناکر پویلین واپس ہوگئے۔



کیربیری بھی 63 کی اننگز کھیل کر میدان بدر ہوئے، دیگر پلیئرز کے جلد آئوٹ ہونے کے باوجود بٹلر نے ٹیم کو فتح کی منزل سے ہمکنار کراکے ہی دم لیا، انھوں نے 48 گیندوں پر 65رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انگلینڈ نے 49.3 اوورز میں 7وکٹ پر 231رنز بنا کر مقابلہ 3وکٹ سے اپنے نام کرلیا، اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 48.2 اوورز میں 226رنز پر آئوٹ ہوگئی، جارج بیلی 87رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے، نائب کپتان نے کیریئر کے 28ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ہزار رنز مکمل کرلیے، اختتامی 5وکٹیں محض18رنز کے اضافے سے گریں، شان مارش (25) اور کپتان کلارک (22)رنز بناسکے، کلارک ایل بی ڈبلیو فیصلے پر ریفرل کا سہارا لینے پر بھی نہیں بچ پائے، ٹریڈویل نے 3 جبکہ اسٹیون فن اور بوائیڈ رینکن نے 2،2وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔