بھارتی ٹیم کے پاکستان آکر کھیلنے کا وقت نہیں آیا شہریار خان

نیوٹرل مقام پربھی دونوں کی سیریز کا کوئی امکان نہیں، سابق چیئرمین پی سی بی


Sports Desk September 15, 2013
سیکیورٹی کے سبب پڑوسی ملک ہمارے ساتھ کھیلنے کو تیار نہیں، شہریار خان۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ ابھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آ کر کھیلنے کا وقت نہیں آیا،نیوٹرل مقام پر بھی دونوں کی سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ سیکیورٹی کے سبب پڑوسی ملک ہمارے ساتھ کھیلنے کو تیار نہیں، ابھی اس میں کچھ وقت لگے گا،تعلقات کے بہتر ہونے پر ہی کچھ کہا جا سکتا ہے، شہریارخان نے کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی کی اہمیت سے انکار نہیں لیکن پہلے راستہ کھل جائے اور پاکستانی ٹیم بھارت جاکر کھیلے جیساکہ پچھلے سال اس نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لیا تھا۔ یاد رہے کہ سابق سفارتکار2 ماہ قبل وزیرِ اعظم نواز شریف کے ایلچی کی حیثیت سے بھارت گئے تھے،وہاں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے معاملات پر بات کرنے کیلیے وزیرِ اعظم من موہن سنگھ اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔



انھوں نے کہا کہ میرے دورہ بھارت میں کھیلوں پر کوئی بات نہیں ہوئی، نگراں چیئرمین پی سی بی دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط کیلیے کوششیں کررہے ہیں لیکن لگتا نہیں کہ کوئی پیش رفت ہو گی۔ جب تک پاکستان میں حالات بہتر نہیں ہوتے بھارت ہی نہیں کوئی بھی ٹیم یہاں آ کر کھیلنے کو تیار نہیں ہوگی۔ دریں اثنا سابق سربراہ خالد محمود نے پی سی بی پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت جانے کے بجائے سری لنکا سے اپنی ہوم سیریز کو ترجیح دی، وہ مجوزہ ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان کی ممکنہ شرکت پر اظہار رائے کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ ہمیں صرف بھارت کی خوشنودی کیلیے ہاں نہیں کر دینی چاہیے، بی سی سی آئی نے پاکستان کو کبھی سپورٹ نہیں کیا اور یہ ہمارے لیے درست نہیں کہ اس کیلیے اپنی ہوم سیریز کے شیڈول میں ردوبدل کریں، بورڈ کو صرف بھارت سے باہمی سیریز کی یقین دہانی پر بھی رضامندی ظاہر کرنی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔