پولیس کے تشدد سے شہری ہلاک 4 اہلکار گرفتار

احسن آباد مولا بخش گوٹھ میں 60 سالہ جان محمد کا پان کیبن تھا، اہلکاروں نے رقم نہ دینے پر تشدد کیا، شہریوں کاموقف


Staff Reporter July 21, 2019
اے ایس آئی غلام دین، ہیڈ کانسٹیبل قرار، ہیڈ کانسٹیبل حسن، کانسٹیبل آصف علی کیخلاف کارروائی کی ہے، ایس ایچ او۔ فوٹو: فائل

شہر میں پولیس گردی کے ایک اور واقعے میں ضعیف العمر شہری پولیس کے مبینہ تشدد سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

ایس ایچ او چوہدری اسلم خان نے بتایا کہ احسن آباد مولا بخش گوٹھ میں60سالہ جان محمد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی جس پر پولیس کی جانب سے تحقیقات کی گئی تو تھانے کے اہلکاروں نے بتایا کہ وہ گٹکا اور ماوا فروخت ہونے کی اطلاع پر پان کیبن پر گئے تھے۔

موقع پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ پولیس جان محمد سے رقم کا تقاضہ کر رہی تھی اور نہ دینے پر اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا ،ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے اے ایس آئی غلام دین ، ہیڈ کانسٹیبل قرار ،ہیڈکانسٹیبل محمد حسن اور کانسٹیبل آصف علی کو معطل کر کے گرفتار کرلیا،پولیس نے چاروں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا۔

چوہدری اسلم خان نے مزید بتایا کہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد جان محمد کی لاش ورثا کے حوالے کر دی جبکہ گرفتار اہلکاروں سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔