قبائلی عوام نے عوامی حقوق کےنام نہاد ضامنوں کی ضمانتیں ضبط کروا دیں فردوس عاشق

بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی لازوال قربانیوں سے ملک کا امن لوٹا، معاون خصوصی

امن کی جیت استحکام پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے عوامی حقوق کے نام نہاد ضامن بننے والوں کی ضمانتیں ضبط کروا دی ہیں۔

قبائلی اضلاع کے صوبائی انتخابات میں کامیابی پر اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات کے انعقادپر پوری قوم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ امن کی یہ جیت نئے پاکستان میں استحکام پاکستان کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی بار تبدیلی کے عمل نے قبائلی علاقوں کے سنگلاخ پہاڑوں پر جمہوریت کے خوبصورت پودے کی نمو ممکن کی۔ اپنی بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی لازوال قربانیوں سے ملک کا امن لوٹا۔


معاون خصوصی نے کہا کہ ایک جانب تاریخ رقم ہو رہی تھی، قبائلیوں کو ان کے صبر اور مصائب کا پھل آئینی و جمہوری حقوق کی صورت مل رہا تھا تو دوسری جانب جمہوریت اور آئینی حقوق کا رونا رونے والے اپنے ذاتی مفادات اور اثاثے بچاؤ بیٹھک لگا کر بیٹھے تھے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی حقوق کے نام نہاد ضامن بننے والوں کی قبائلی عوام نے ضمانتیں ضبط کروا دیں۔ کل قبائلی اضلاع میں ایک تاریخ رقم ہوئی مگر ان میں سے کسی کو توفیق نہ ہوئی کہ جمہوری عمل کی کامیاب تکمیل پر دو لفظ ہی بول دیتے۔ان کی جمہوریت کا مطلب صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کو قوم پر مسلط کرنا ہے۔
Load Next Story