زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ ہارنے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق کپتان مصباح الحق کی 4 درجے ترقی جبکہ سعید اجمل اور محمد حفیظ کی تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ ریکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے یونس خان چھٹے نمبر پر موجود ہیں، مسٹر ٹُک ٹُک کے نام سے مشہور کپتان مصباح الحق 3 درجے ترقی پاکر 15ویں سے 12ویں نمبر پر آگئے ہیں، 12ویں نمبر پر موجود اظہر علی 4 درجے تنزلی کے بعد 16ویں نمبر پر جبکہ محمد حفیظ ایک درجہ تنزلی کے بعد 49ویں سے 50ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں جادوگر اسپنر کو گزشتہ ہفتے ہونے والی ترقی راس نہ آئی اور وہ ایک بار پھر تیسری سے چوتھی پوزیشن پر آگئے ہی۔ لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمن اور فاسٹ بالر جنید خان 2 درجے ترقی کے بعد بالترتیب 11ویں اور 32ویں نمبرپرآگئے ہیں۔ محمد حفیظ بالرز رینکنگ میں بھی تین درجے تنزلی کے بعد 58 ویں نمبرپرچلے گئے۔ اس کے علاوہ دوسرے ٹیسٹ میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بالر راحت علی ایک دم ہی ترقی کی 26 سیڑھیاں پھلانگ کر 71ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔