اپر دیرمیں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

نماز جنازہ میں سینئر فوجی افسران کے ہمراہ وزیر داخلہ اور گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے بھی شرکت کی۔

میجرجنرل ثناءاللہ پاک افغان سرحدی چیک پوسٹ کے دورے کے بعد واپس آرہے تھے کہ سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آگئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اپر دیر میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے اتوار کی صبح شہید ہونے والے فوجی افسران کی نماز جنازہ چکلالہ چھاؤنی میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں سینئر فوجی افسران کے ہمراہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے بھی شرکت کی۔ اتوار کی صبح اپر دیر میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے جی او سی مالاکنڈ ڈویژن سمیت پاک فوج کے 2 اعلیٰ افسر اور ایک اہلکار شہید ہوگئے تھے۔


پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جی او سی سوات ڈویژن میجرجنرل ثناءاللہ پاک افغان سرحد کے قریب چیک پوسٹ پر دورے کے بعد واپس آرہے تھے کہ اپردیر کے علاقے بن شاہی کے مقام پر دہشتگردوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آگئے۔ دھماکے سے میجرجنرل ثناءاللہ کے ہمراہ گاڑی میں موجود لیفٹننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان ستار بھی موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے قبول کر لی گئی ہے۔
Load Next Story