اسلم ڈار نے بطور ہدایتکار فلم ’’دارا‘‘ سے فنی سفر شروع کیا

جیب کترا، مسٹر 303، انوکھا داج اور ڈولی سجاکے رکھنا سمیت متعدد فلموں کو سینما کی زینت بنایا


Cultural Reporter September 16, 2013
’’وعدہ‘‘ بھی ہدایتکار موصوف کی عمدہ اور انتہائی اعلی معیار کی کامیاب فلم تھی. فوٹو: فائل

اسلم ڈار ''دلا بھٹی'' ، '' سردار''، ''سلطنت'' اور ''سمیرا'' جیسی فلموں کے ہدایتکار ایم ایس ڈار کے فرزند ہیں یہ بنیادی طور پر کیمرہ مین ہیں۔

بحیثیت ہدایتکار پہلی فلم '' دارا'' تھی ۔1968ء میں نمائش پذیر ہونے والی اس فلم میں رانی ، نصراللہ بٹ، ادیب اور عالیہ نے کردارنگاری کی تھی ، یہ فلم تجارتی نقطہ نگاہ سے کامیاب ہوئی ۔ اگلے سال ہی ان کی دوسری فلم ''آخری چٹان'' بھی کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔ 1972ء میں ان کی معرکتہ الارا پنجابی فلم ''بشیرا'' نے انھیں جہاں بحیثیت ہدایتکار ایک اعلی مقام عطا کیا وہاں سلطان راہی مرحوم کے لیے بڑی مفید اور ان کے فلمی مستقبل کے لیے بے حد حوصلہ افزاء ثابت ہوئی ۔''بشیرا'' کے بعد اسلم ڈار کی ایک فلم ''زرق خان'' بھی کامیاب رہی لیکن 1974ء میں ان کی ایک فلم ''دل لگی'' سپرہٹ فلم ثابت ہوئی ۔ شبنم ، ندیم ، طالش اور لہری اس فلم کی کاسٹ میں شامل تھے۔



بھارتی فلم ''ساجن کا گھر'' ''دل لگی'' ہی کا چربہ تھی۔ ''وعدہ'' بھی ہدایتکار موصوف کی عمدہ اور انتہائی اعلی معیار کی کامیاب فلم تھی جس میں وحید مراد نے اپنی جاندار کردارنگاری سے فلم بینوں کو بے حد متاثر کیا اس کی اداکارہ آسیہ اور دیبا ہیروئنیں تھیں۔ ہدایتکار اسلم ڈار کی 1984ء ایک پنجابی فلم ''عشق نچائے گلی گلی'' کا شمار بھی ان کی کامیاب اور عمدہ ترین فلموں میںکیا جاتا ہے۔ جس میں دردانہ رحمان ، ایاز نائیک، شاہدہ منی ، افضال احمد، طالش نمایاں فنکار تھے۔ ان فلموں کے علاوہ اسلم ڈار نے ''جیب کترا'' ، '' مسٹر 303'' ، '' بابل صدقے تیرے'' ، ''سہاگ تیرا لہو میرا'' ، '' انوکھا داج'' ،'' دو دل'' ، '' بڑے میاں دیوانے'' ، '' گوگا'' ، '' شاہ زمان'' ، '' سلسلہ'' ، '' داغ'' ، '' قدرت دا انتقام'' ، '' پیار کرن تو نیئں ڈرنا'' ،'' زبیدہ'' ، '' باغی شیر'' ، '' سلسلہ پیار کا'' ، '' پھول'' ، ''ہم تمہارے ہیں '' اور ''ڈولی سجا کے رکھنا'' نامی فلمیں ڈائریکٹ کیں ۔

''عشق نچاوئے گلی گلی '' کی ہیروئن دردانہ رحمان سے انھوں نے شادی کرلی بعدازاں ان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے اور علیحدگی ہوگئی ۔ اسلم ڈار فلم ڈائریکٹر ایسوسی ایشن کے تاحیات چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں اور پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |