عمران خان سے قدرت نے ہروہ بات کہلوائی جس پہ انہوں نے نواز شریف کوغدارکہا مریم اورنگزیب

عمران صاحب آپ نے میڈیا ہاوٴسز اور میڈیا پر جانبداری کے الزامات لگا کر میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک July 24, 2019
عمران صاحب مافیا وہ ہوتا ہے جو ہر مخالف آواز کو بند کرتا ہے۔مریم اورنگزیب فوٹوفائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب سے قدرت نے ہر وہ بات کہلوائی جس پہ انہوں نے نواز شریف کو غدار کہاتھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کے نکات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا عمران صاحب قدرت نے آپ سے ہر وہ بات کہلوائی جس پہ آپ نے نواز شریف کو غدار کہا، جب نواز شریف ملک اور خطے میں امن کی بات کرے تو غدار، آپ کی ایک ایک بات نے نوازشریف کو سرخرو کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب نواز شریف کی حکومت میں آپ کے ہنڈی سے پیسے منگوانے کے اعلانات براہِ راست چلے، گیس اور بجلی کے بل جلانے اور سول نافرمانی کے اعلان براہِ راست نشر ہوئے، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ دو، پارلیمنٹ اور سرکاری میڈیا پر حملہ بھی براہ راست نشر ہوا۔ عمران صاحب نے تسلیم کرلیا میڈیا "قابو" سے باہر ہوجاتا ہے اور ان کی حکومت اسے واچ ڈاگ کے ذریعے "کنٹرول" کررہی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا عمران صاحب آپ نے میڈیا ہاوٴسز اور پاکستان میں میڈیا پر جانبداری کے الزامات لگا کر میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ عمران صاحب افسوس ایک طرف کہا کہ آزاد میڈیا کا سب سے زیادہ فائدہ آپ کو ہوا اور دوسری طرف میڈیا پر 'کرپٹ' اور 'مافیا' کا الزام لگایا۔ عمران صاحب مافیا وہ ہے جو جج کو وڈیو سے بلیک میل کر کے وزیراعظم بننے کے لئے منتخب وزیراعظم کے خلاف فیصلہ لے۔ مافیا چندوں سے بیرون ملک جائیدادیں خریدیتا، ایمنسٹی اسکیمز سے فائدہ اٹھاتا، 18 جعلی اکاونٹس چھپاتا ہے۔ عمران صاحب مافیا وہ ہوتا ہے جوکمزوروں کے گھر گراتا اور اپنا گھر ریگولرائز کرالیتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب مافیا وہ ہوتا ہے جو منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرتا اور پاکستان کے دوست ممالک پر الزام لگاتا ہے۔ مافیا وہ ہوتا ہے جو ہر مخالف آواز کو بند کرتا ہے۔ عمران صاحب مافیا وہ ہے جس نے عوام کی روٹی ، کاروبار، اور روزگار بند کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں