مقبوضہ کشمیر مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال مظاہرے متعدد افراد گرفتار

وادی بھرمیں ہڑتال کے موقع پردکانیں،تعلیمی ادارے،بینک،دفاتراورتجارتی مراکزبندجبکہ سڑکوں پرٹریفک معطل رہی


News Agencies September 16, 2013
سلامتی کونسل نسل کشی رکوانے کیلیے کردار ادا کرے، میر واعظ، شوپیاں میں 5 شہریوں کا قتل، بھارتی وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کرلی۔ فوٹو: فائل

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماغازی عبدالرشیدکی شہادت اورسانحہ شوپیاں کیخلاف مقبوضہ کشمیرمیں اتوار کو مسلسل تیسرے روزبھی ہڑتال رہی۔

ہڑتال کے موقع پرمقبوضہ کشمیر میں کاروبار زندگی معطل رہا جبکہ احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے اس دوران جنوبی کشمیر کے تینوں اضلاع میں کرفیورہا۔ تفصیلات کے مطابق ہڑتال کے دوران کئی مقامات پر مظاہرے ہوئے، بانڈی پورہ، اسلام آباد ،کنگن، گاندربل، کیموہ، ٹنگمرگ اور ترہگام میں پتھراؤ، جوابی پتھراؤ اور شیلنگ کے واقعات میں 14 سالہ لڑکا اپنی ایک آنکھ سے محروم ہوگیا اور درجنوں دیگر افراد زخمی ہوئے۔ سرینگر میں ہڑتال سے زندگی کی رفتار ایک بار پھر تھم گئی اوربازاروں میں دکانیں، تعلیمی ادارے، بینک، دفاتر اور تجارتی مراکز بند رہے اور ٹریفک معطل رہا جس کے نتیجے میں عام اور کاروباری زندگی مکمل طور مفلوج رہی۔



سرینگر شہر میں ہڑتال سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔ تاہم سول لائنز اورشہرکی اندرونی سڑکوں کے ساتھ ساتھ سرینگر کوشمالی کشمیر سے ملانے والی شاہراؤں پر ٹریفک دوڑتی نظر آئی۔ اس دوران نارہ بل میں گاڑیوں پر پتھراؤ ہوا جس کے نتیجے میں کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ نوہٹہ، مومن آباد بٹہ مالو، نواب بازار کاوڈارہ اور پائین شہر کے دیگر علاقوں میں مشتعل نوجوانوں نے شوپیاں واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔ شوپیاں اور پلوامہ قصبوں میں کرفیو جاری رہا جبکہ کاکہ پورہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ شوپیاں قصبہ میں مسلسل کرفیو کے باوجود کئی مقامات پر لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔

سرندو شرمال میں پولیس اور احتجاجی نوجوانوں کے مابین دن بھر شدید جھڑپیں ہوتی رہیں جس کے نتیجہ میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان امریکا، برطانیہ ، فرانس ، چین اور روس سے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیر میں نسل کشی رکوانے کیلیے بھارت پر سفارتی سطح پر دباو ڈالیں کہ وہ جموںوکشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں سے باز رہے۔ بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمارشنڈے نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 5 شہریوں کے قتل پر سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں