لاہور تیز آندھی طوفانی بارش 3 افراد جاں بحق متعدد زخمی

ملکہ میں چھٹی کا طالبعلم،دولت نگرمیں بزرگ مردوخاتون لقمہ اجل بنے

ملکہ میں چھٹی کا طالبعلم،دولت نگرمیں بزرگ مردوخاتون لقمہ اجل بنے. فوٹو فائل

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیزآندھی اورطوفانی بارش سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، دیواریں گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ٹریفک حادثات میں بھی متعدد افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں شام کے وقت اچانک تیز آندھی آئی اور طوفانی بارش شروع ہوگئی۔ کوٹ لکھپت کے علاقے میںاشرف کے گھر کی بیرونی دیوار گر گئی جس سے راہگیر صدیق ملبے تلے دب کر زخمی ہو گیا۔ شیرا کوٹ کے علاقہ بند روڈپر طارق کے گھر کی دیوار گرنے سے صداقت اور لطیف ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے، صداقت کی حالت تشویش ناک ہے۔ 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کی وجہ سے مال روڈ جم خانہ کے قریب درخت گرنے سے ایک گاڑی میں سوار فیملی زخمی ہوگئی، کینال روڈ، شاہدرہ، چوبرجی، شمالی چھائونی، باغبانپورہ، سبزہ زار، ملتان روڈ اور دیگر علاقوں میں درخت، سائن بورڈ گرنے سے ٹریفک جام ہوگئی۔

آندھی کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں متاثر ہونے سے صارفین گھنٹوں بجلی سے محروم رہے۔ اقبال ٹائون، نصیرآباد میں موٹر سائیکلوں سے گر کر رشید احمد، طارق، محسن اور شاہد زخمی ہوگئے۔ بادامی باغ میں چنگ چی رکشاالٹنے سے اسلم، کرامت، ہارون جبکہ سمن آباد میں سائیکل سوار افتخار بٹ اور طاہر سامنے سے آنیوالے رکشاسے ٹکرا کر زخمی ہو گئے۔ وحدت کالونی میں ارشد، گلبرگ میں شاہد پیدل جاتے ہوئے گاڑیوں سے ٹکرا کر زخمی ہوگئے۔ ملکہ کا رہائشی چھٹی جماعت کا طالب علم عاصم، دولت نگرمیں 60 سالہ میاں آصف اور 70 سالہ آمنہ بی بی دیوار گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔




بوائزہائی اسکول کے سامنے درخت گرنے سے بجلی کے تارٹوٹ گئے اوربجلی کی سپلائی بند ہو گئی، متعدد گھروں کی چھتوں کے جنگلے ٹوٹ گئے۔ گوجرانوالہ میں تیز آندھی اور بارش سے گیپکو کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، درجنوں علاقے کئی کئی گھنٹے تک اندھیرے میں ڈوبے رہے۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق گجرات میں طوفانی بارش کے باعث سائن بورڈ، درخت گرنے سے جی ٹی روڈ پر گاڑیاں آپس میں ٹکرا نے سے نصف درجن افراد زخمی ہو گئے۔نمائندے کے مطابق مریدکے میں شدید آندھی آئی اور گردونواح میں بارش ہوئی۔

راولپنڈی میںشدید طوفانی بارش کے باعث پانی کئی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا تاہم نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے کم رہی۔ چکری روڈ پر 2سالہ بچہ پانی میں بہہ گیا جبکہ ڈھوک سیداں میں مکان کی چھت منہدم ہوگئی۔ چکری روڈ پر برساتی نالے میں طغیانی کے باعث نالے کے گرد بنی دیوار قریبی مکان پر جاگری جس کے نتیجے میں مکان میں موجود نعیم نامی نوجوان پانی میں جاگرا جسے بچا لیاگیا۔ ڈھوک سیداں میں مکان کی دیوار زمین بوس ہوگئی، اہل خانہ محفوظ رہے۔ موسمیات نے آئندہ 2روز کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، ہزارہ ڈویژن، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ اور سرگودھا ڈویژن میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔
Load Next Story