ڈاکٹرعمران فاروق دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے الطاف حسین

انکی شہادت نہ ختم ہونے والا ایسا دکھ ہے جوزندگی بھرتازہ رہے گا،تیسری برسی پربیان

اپردیر میں دہشتگردی کے واقعے کافوری نوٹس لیا جائے، قائد متحدہ، دھماکے پراظہارافسوس۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ایم کیوایم کے شہید کنوینر اور شہیدانقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حق پرست شہداکی قربانیاں رنگ لائیں گی اور حق پرستی کی جدوجہد اپنی منزل پر پہنچ کرہی دم لے گی۔

ڈاکٹرعمران فاروق شہید کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستی کی اس جدوجہد میں ہزاروں ساتھیوں نے جام شہادت نوش کرلیالیکن کسی بھی باطل قوت کے سامنے سرجھکاناگوارانہیں کیا،حق پرستی کی اس جدوجہد میں تحریک کے سینئر ساتھی ڈاکٹرعمران فاروق بھی ہم سے جدا کردیے گئے اوران کی شہادت کا غم نہ ختم ہونے والا ایسا دکھ ہے جو زندگی بھر تازہ رہے گا، ڈاکٹرعمران فاروق شہید،تحریک کے کارکنان کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیںگے،ان کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جائے گی اورتحریک کے پرعزم ، مخلص اور بہادر کارکنان حق پرست شہداکی قربانیوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے حق پرستی کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔




الطاف حسین نے کہاکہ تمام تر ظلم وستم اور جبرواستبداد کے باوجود ہمارا عزم ہے کہ حق پرست شہدانے جس نیک مشن ومقصد کے حصول کیلیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہم اس مشن ومقصد کی تکمیل کیلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔دریں اثنا ایک اوربیان میں الطاف حسین نے اپردیرمیں پاک افغان سرحد کے بارودی سرنگ دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں میجرجنرل ثنا اللہ اور لیفٹیننٹ کرنل توصیف کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا۔

انھوں نے کہاکہ بارودی سرنگ کے دھماکے کے ذریعے پاک فوج کے افسران کونشانہ بنانا ملک کی سلامتی پر حملہ ہے اور جو دہشت گرد اس مذموم کارروائی میں ملوث ہیں وہ ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھنائونی سازش پر عمل پیرا ہیں ۔ انھوں نے دھماکے میں میجر جنرل ثنا اللہ شہید، لیفٹیننٹ کرنل توصیف شہیداور لانس نائیک عرفان ستار شہیدکے تمام سوگوار ان ، مسلح افواج کے افسران اور سپاہیوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انھیں صبر تلقین کی اورحکومت سے مطالبہ کیاکہ دہشتگردی کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اوراس کارروائی میں ملوث عناصر کوفوری گرفتا رکرکے قرارواقعی سزادی جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story