آج پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر منائے گی فردوس عاشق اعوان

آج ان عناصر کی شکست کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مال میں خیانت کی اورعوام کو غریب کرکے اپنے محل تعمیر کئے، فردوس عاشق

عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اس کی فتح کا دن ہے۔ فردوس عاشق اعوان، فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر بنائے گی۔

عام انتخابات کو آج ایک سال مکمل ہوگیا ہے اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر منائے گی۔ 25 جولائی کے انتخابات میں پاکستان کے عوام کی امنگیں اور عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد رنگ لائی۔عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اس کی فتح کا دن ہے۔


معاون خصوصی نے کہا آج ان عناصر کی شکست کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مال میں خیانت کی،عوام کو غریب کرکے اپنے محل تعمیر کئے۔سیاست کو لوٹ مار کے لئے استعمال کرنے والے سیاسی عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔ قوم ان کی موروثی غلامی مسترد کر چکی ہے۔

25 جولائی عوامی شعور کے اظہارکا دن ہے۔اس دن عوام کے کندھے کرپٹ عناصر کی بے ساکھی نہیں بلکہ پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے مشن کا مضبوط سہارا بنے۔آج کے دن نسل در نسل اقتدار پر قابض اور سیاسی ایوانوں کو ذریعہ روزگار بنانے والوں کو نظام سے باہر پھینک دیاگیا۔دو خاندانوں نے باری باری حصول اقتدار کا کھیل رچا کر عوام کا بدترین استحصال کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 25 جولائی کوہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اپوزیشن جماعتوں نے آج کے دن مشترکہ طور پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story