بہارہ کہو بارودی گاڑی برآمد کیس مرکزی ملزم حماد عادل کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا گیا

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد تنویر سے رابطوں کا بھی اعتراف کیا ہے، پولیس


ویب ڈیسک September 16, 2013
عدالت نے حماد عادل کے ساتھی شوکت زمان کیانی کو بھی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پو پولیس کے حوالے کردیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: بہارہ کہو کے گھر سے 125 کلو گرام بارود سے بھری گاڑی برآمد ہونے کے کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم حماد عادل اور اس کے ساتھی کو 3 جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ رات گرفتار کئے گئے واقعے کے مرکزی ملزم حماد عادل اور اس کے ساتھی شوکت زمان کیانی کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

پولیس کے مطابق حماد عادل نے ابتدائی تفتیش میں کئی انکشافات کیے ہیں اور انتہائی مطلوب دہشت گرد تنویر سے رابطوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق دہشت گرد تنویر پاک فوج کے سرجن جنرل مشتاق بیگ پر حملے میں بھی ملوث ہے جس میں وہ شہید ہوگئےتھے۔ اس کے علاوہ تنویر ڈنمارک سفارتخانے، ایک کیفے اور نیٹو ٹرمینل پر دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد عادل کی گرفتاری کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے اس سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردوں کے موجود نیٹ ورک کا پتہ چلا لیں گے۔

واضح رہے کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کی نصف شب پولیس نے بہارہ کہو کے علاقے پھلگراں میں معلومات ملنے پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر 125 کلو گرام بارود سے بھری گاڑی برآمد کرلی اور گھر کے مکین حماد عادل کو بھی گرفتار کرلیا تھا لیکن مبینہ ملزم پولیس کی حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں