پی سی بی کا امام الحق کی مبینہ حرکت پر ایکشن سے گریز

بیٹسمین کا ’ذاتی‘ معاملہ قرار دے دیا، اسکینڈل کے انٹرنیشنل میڈیا میں چرچے

انکشاف کرنے والے صارف کا ایک فاسٹ بولر کے کارنامے بھی سامنے لانے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

پی سی بی امام الحق کی مبینہ حرکت پر ایکشن میں آنے سے گریز کررہا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ میڈیا میں جوکچھ آیا کھلاڑی کا ذاتی مسئلہ ہے۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک صارف نے واٹس ایپ پر امام الحق کی مختلف لڑکیوں سے گفتگو کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دھوکا دہی کا الزام عائد کیا تھا، یہ خبر منظر عام پر آنے کے بعد آگ کی طرح پھیلی، سوشل میڈیا پر صارفین تبصرہ کرتے نظر آئے، بیشتر پاکستانی کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو آف دی فیلڈ سرگرمیوں کا شاخسانہ قرار دیتے رہے۔


اس خبر کا عالمی میڈیا پر بھی خاصا چرچا رہا، بھارتی، انگلش اور امارات کی ویب سائٹس پر بھی یہ اسٹوری شائقین کی توجہ کا مرکز بنی، اس پر مختلف نوعیت کے تبصروں کے ساتھ اورچٹکلے بھی چھوڑے جاتے رہے۔

ادھر امام الحق کے واٹس ایپ اسکینڈل کا انکشاف کرنے والے صارف نے ایک اور دھماکا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں میں ایک نوجوان فاسٹ بولر بھی ملوث ہے، ورلڈ کپ میں اس کی کارکردگی میں اتارچڑھاؤ کی وجوہات جاننے کے خواہشمند لوگوں کو اس میں خاص دلچسپی ہوگی۔

دوسری جانب پی سی بی نے امام الحق کے معاملے میں کہا ہے کہ میڈیا میں جو کچھ بھی آیا اوپنر کا ذاتی معاملہ ہے، اس سلسلے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
Load Next Story