عام انتخابات میں کامیابی کا سال مکمل تحریک انصاف نے ملک بھر میں یوم تشکر منایا

25 جولائی عوام کے مجرموں کے انجام کا دن ثابت ہوا، سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد انکی باقیات کرپشن کو بھی دفن کریں گے


سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد انکی باقیات کرپشن کو بھی دفن کریں گے، پی ٹی آئی رہنما۔ فوٹو: فائل

عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر تحریک انصاف نے ملک بھر میں یوم تشکر منایا۔

25 جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی اور وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکا پر تحریک انصاف نے ملک بھر میں یوم تشکر منایا۔ ملک میں بھر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، پشاور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، پشاور میں یوم تشکر ریلی کاانعقادکیا گیا، ریلی صدرروڈسے پشاورپریس کلب تک نکالی گئی۔

کارکن عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے رہے ، تقریبات میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ25 جولائی 2018ء عوام کے مجرموں شریف اور زرداری خاندانوں کے انجام کا دن ثابت ہوا، سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد انکی باقیات کرپشن کو بھی منوں مٹی تلے دفن کریں گے۔

تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں یوم تشکر کا کیک کاٹا گیا، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کیک کاٹا، مرکزی سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا، وزیرمملکت شہر یار آفریدی نے ٹویٹ میں کہا کہ عوام نے ایک سال قبل اس روز اپنا فیصلہ سنایا، ایک ہزار میل کے سفر کا آغاز پہلے قدم سے ہوگیا ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اللہ تعالی نے ایک سال قبل قوم کو اپنی تقدیر بدلنے اور ایسا رہنما چننے کا موقع دیا جو دنیا میں ان کی عزت و وقار بحال کرے جس خواب کی تکمیل کیلیے دہائیوں تک انتظار کیا گیا وہ ان شا اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہو گا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت جیتی اور ایک نیا سفر شروع ہوا، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن میں جیت کیساتھ بہتر پاکستان کیلئے جدوجہد اختتام پذیر نہیں ہوئی، افتخار درانی نے اپنے بیان میں کہا کہ کارکنوں نے 2 جماعتی نظام توڑا اور مستقبل کیلئے نئی راہ متعین کی۔

نعیم الحق نے بھی اپنے بیان میں کہا عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد شروع کیا جاچکا ہے، ملک کو لوٹنے والی دونوں جماعتوں کے لیڈر جیل میں ہیں، عبدالعلیم خان نے کہا کہ 25 جولائی سیاسی تاریخ میں مثبت اور پرامن تبدیلی کا دن ہے۔ عوام نے ووٹ کی طاقت سے اس دن نئے پاکستان کی بنیاد رکھی، عمران خان ملک و قوم کی امیدوں پر پورا اتر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 25 جولائی 2018 عوام کے مجرموں شریف اور زرداری خاندانوں کے انجام کا دن ثابت ہوا، سیاہ ماضی کے حامل اب یوم سیاہ مناکر عوام کو مزید گمراہ نہ کریں۔دریں اثنا تحریک انصاف کے تحت ''انصاف ہاوس'' کراچی میں 25جولائی کو عام انتخابات میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں یوم تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں پی ٹی آئی کے رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خرم شیر زمان سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی عوام اور بالخصوص پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور سپورٹرز کو یوم تشکر اور یوم احتساب کی بھرپور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کی ایک سال کی حکومت میں ہم نے بلاوجہ بھٹو کو بلبلا تے ہوئے دیکھا اور ایک راج کماری کو جھوٹ بولتے دیکھا۔ ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، ابھی تو آپ سے پیسے نکلوانے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔