ناران اور شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 سیاح ہلاک ہزاروں پھنس گئے

مٹی کے تودے گرنے سے مزید دو چرواہے لاپتہ ہوگئے


ویب ڈیسک July 26, 2019
مٹی کے تودے گرنے سے مزید دو چرواہے لاپتہ ہوگئے فوٹو:فائل

ناران اور شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 سیاح جاں بحق ہوگئے اور شاہراہ کاغان کئی مقامات سے بند ہوگئی جس کے نتیجے میں ہزاروں سیاح پھنس گئے۔

ناران کے سیاحتی مقامات جل کھڈ اور بوڑاوئی میں لینڈ سلائیڈنگ سے 2 سیاح اور 2 چرواہے ملبے تلے دب گئے۔ مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے دونوں سیاحوں کی لاشیں ملبے سے نکالیں جن کی شناخت شمیم اختر زوجہ ثقلین اور عابد جواد ولد بگاہ شاہ کے نام سے ہوئی جو لیہ کے رہائشی تھے۔ ان کی گاڑی پر مٹی کا تودہ آگرا جس کے ملبے تلے وہ دب کر رہ گئے۔

ان کے علاوہ دو چرواہے تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے ایک لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

شاہراہ کاغان کی گزشتہ 16 گھنٹوں سے بندش کے باعث ہزاروں سیاح گاڑیوں میں محصور ہوگئے جن میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں، انہیں رات کھلے آسمان تلے بسر کرنی پڑی اور غذا کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ کا کہنا ہے کہ محصورین تک خوراک پہنچانا پہلی ترجیح ہے لیکن رستے بند ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے بغیر سیاحوں تک فوری رسائی ناممکن ہے۔

اے سی بالاکوٹ نے بتایا کہ تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے، جل کھڈ اور بوڑاوئی کے درمیان شاہراہ کاغان پر ہر 2 کلومیٹر کے فاصلے سے 8 مقامات پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں