جولائی اگست ایف ڈی آئی میں101فیصد اضافہ بیرونی سرمایہ کاری18کروڑ ڈالر سے تجاوز

پورٹ فولیو انویسٹمنٹ49فیصدکمی سے3کروڑ 82لاکھ ڈالررہی،گزشتہ ماہ2.56کروڑ ڈالرکے نیٹ انفلوز


Business Reporter September 17, 2013
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اگست 2013کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے 10کروڑ 54لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 101.2فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اگست 2013کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے 10کروڑ 54لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں کی جانیوالی 5 کروڑ 24لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 2ماہ کے دوران مجموعی طور پر غیرملکی سرمایہ کاری میں 44.6 فیصد اضافہ ہوا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 18 کروڑ 25 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12 کروڑ 62 لاکھ ڈالر رہی تھی، اس طرح گزشتہ 2ماہ میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 5 کروڑ 63 لاکھ ڈالر بڑھی، مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں سے فارن پرائیوٹ انویسٹمنٹ 13فیصد کے اضافے سے 14کروڑ 36لاکھ ڈالر رہی جس میں 10کروڑ 54لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری شامل ہے۔

پورٹ فولیو سرمایہ کاری 48.9 فیصد کمی سے 3کروڑ 82لاکھ ڈالر رہی جبکہ فارن پبلک انویسٹمنٹ کی مالیت 4218.6 فیصد کے اضافے سے 3کروڑ 89لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں منفی 9 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست 2013کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 105.4 فیصد کے اضافے سے 25لاکھ ڈالر رہی جبکہ اگست 2012 کے دوران صرف 6لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی تھی، اگست 2013 کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 2 کروڑ 56لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2 کروڑ 68لاکھ ڈالر رہی تھی، گزشتہ ماہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری 2 کروڑ 31 لاکھ ڈالر اور مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 2 کروڑ 56 لاکھ ڈالر رہی جبکہ اگست2012 میں پورٹ فولیوانویسٹمنٹ 4 کروڑ 59لاکھ ڈالر اور مجموعی نجی سرمایہ کاری 4 کروڑ 65لاکھ ڈالر رہی تھی۔



اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کی گئی جس کی مالیت 6 کروڑ ڈالر رہی، ٹوبیکو بزنس میں 2کروڑ ڈالر، فوڈ بزنس میں 1 کروڑ 45 لاکھ ڈالر، کیمیکلز کے شعبے میں 3 کروڑ 11لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی، سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں دیکھی گئی

جہاں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں منفی 2 کروڑ 69 لاکھ ڈالر رہی، غیرملکی سرمایہ کاری کرنیوالے ملکوں میں امریکا 6 کروڑ 62لاکھ ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا جس میں 4 کروڑ 53لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری شامل ہے، دیگر ملکوں میں سوئیٹزرلینڈ 3 کروڑ 84 لاکھ ڈالر، عمان 3کروڑ 50 لاکھ ڈالر، اٹلی اور لگسمبرگ 2، 2کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ نمایاں رہے، ناروے کی جانب سے براہ راست سرمایہ کاری میں 6کروڑ 15لاکھ ڈالر کی کمی کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں