ڈنمارک کی پاکستان کوجی ایس پی پلس دلوانے کی یقین دہانی

ڈینش سفیر کی لاہور چیمبر آمد، توانائی اور پانی کی بچت کیلیے ٹیکنالوجی دینے کی پیشکش

دوطرفہ تجارت بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ آئندہ 3 سال کے دوران ڈنمارک پاکستان کو برآمدات میں 40 فیصد اضافہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ فوٹو: فائل

ڈنمارک نے پاکستان کو آئندہ سال سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس دلوانے کی یقین دہانی کرا دی۔

پیر کوپاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن نے لاہور چیمبر کے دورے پر صدر فاروق افتخار سے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی مارکیٹ ہر حوالے سے بہترین ہے جبکہ سستی افرادی قوت، متوسط طبقے میں اضافے اور بڑھتی ہوئی آبادی نے اسے سرمایہ کاروں کیلیے مزید اہم بنا دیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ آئندہ 3 سال کے دوران ڈنمارک پاکستان کو برآمدات میں 40 فیصد اضافہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈنمارک کا سفارتخانہ رواں سال ایک کمرشل سیکشن بھی کھولے گا ۔




جس سے تاجروں کو سہولت ملے گی، توانائی اور پانی کی بچت، واٹر پمپنگ اور پانی کو صاف بنانے کیلیے ڈنمارک پاکستان کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی مہیا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ساکھ بہتر کرنے کیلیے کوئی نیا طریقہ کار وضع کرنا ہوگا کیونکہ اس کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار بالخصوص ڈنمارک کے سرمایہ کار ہچکچا رہے ہیں۔ ڈنمارک کی ویزا پالیسی کے بارے میں سفیر نے کہا کہ قابل اعتماد پاکستانی تاجروں کیلیے ویزا کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
Load Next Story