سیاسی انتقام کی خاطر کمرے سے اے سی اتارنا نواز شریف کی جان پر حملہ ہے شہباز شریف

نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتارنے کا مطلب میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے، شہباز شریف کا چیف سیکریٹری کو خط


ویب ڈیسک July 27, 2019
مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے نواز شریف کے گردے فیل ہو سکتے ہیں، خط کا متن فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے جیل میں نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتارنے کے معاملے پر چیف سیکریٹری کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کی خاطر کمرے سے اے سی اتارنا نواز شریف کی جان پر حملہ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جیل میں نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتارنے کے معاملے پر شہباز شریف نے چیف سیکریٹری کو خط لکھا ہے۔ جس کی نقول چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی بھیجی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو 17 جولائی کو خط لکھ کر نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے جس کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے خط میں کہا کہ اس سلسلے میں آپ کی توجہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں کیونکہ بورڈ کی سب سے پہلی سفارشی یہی ہے کہ نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے، ایسا نہ کرنے سے ان کے گردے کام کرنا چھوڑ سکتے ہیں۔

خط میں شہباز شریف نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی سرد مہری پر حیران ہوں کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کر دیا گیا۔ ان کے کمرے سے اے سی اتارنے کا مطلب میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے، میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے کیونکہ سیاسی انتقام کی خاطر یہ اقدام نواز شریف کی جان پر حملہ ہے۔ 3 مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کو سیاسی دباؤ کی بناء پر ان کے قانونی اور جائز حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں