کرایہ داری ایکٹ خلاف ورزی عرفان صدیقی کی بریت کی درخواست مسترد جیل منتقل

عرفان صدیقی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا


ویب ڈیسک July 27, 2019
عرفان صدیقی کے خلاف سیکشن 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے فوٹو: فائل

پولیس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے عرفان صدیقی کو جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب گرفتار کیا تھا۔ عرفان صدیقی کے ساتھ اقبال نامی شخص کو بھی حراست میں لیا گیا، دونوں کو اسلام آباد کے تھانہ رمنا منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کے خلاف سیکشن 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، انہوں نے گھر کرائے پر دے رکھا تھا، انہوں نے کرایہ داری پر عمل درآمد نہ کیا اور نہ ہی پولیس اسٹیشن میں اس کا اندراج کروایا۔

بعد ازاں پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل میجسٹریٹ مہرین بلوچ کے روبرو پیش کیا۔ پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جب کہ عرفان صدیقی کے وکلا کا موقف تھا کہ ان کے موکل پر جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا ہے، اس لئے عرفان صدیقی کو رہا کیا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے عرفان صدیقی کی بریت کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے عرفان صدیقی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔