پنجاب میں بارش مختلف واقعات میں 2 بچے جاں بحق درجنوں زخمی

اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں مزید بارشوں کا امکان


ویب ڈیسک July 28, 2019
بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا فوٹو: فائل

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات و واقعات میں 2 بچے جاں بحق جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور، شیخو پورہ، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث جہاں حبس میں کمی آئی ہے وہیں بجلی کی بندش اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب مختلف حادثات و واقات میں 2 بچے جاں بحق جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ سرگودھا کی تحصیل سلانوالی کے گاؤں 134 جنوبی میں گھر کی بوسیدہ دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق، جب کہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ شیخوپورہ میں شدید بارش کے باعث 24 گھنٹے کے دوران 5 گھروں کی چھتیں گرگئیں، جس کے باعث 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ مختلف عل؛اقوں میں ٹریفک حادثات اور کرنٹ لگنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 54 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ لکشمی چوک پر 39، پانی والا تالاب میں 34 ، اپر مال پر33، فرخ آباد میں 32، مغلپورہ میں 26 اور چوک ناخدامیں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں