16 پاکستانی عازمین حجاز مقدس میں جاں بحق

جاں بحق عازمین کو مدینہ منورہ کے جنت البقیع اور مکہ مکرمہ کے شرائع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا


ویب ڈیسک July 28, 2019
ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں فوٹو: فائل

فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانیوں میں سے 16 عازمین حجاز مقدس میں جاں بحق ہوگئے ہیں جنہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اب تک ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جن میں 93 ہزار سرکاری جب کہ 36 ہزار عازمین نجی حج سکیم کے ذریعے پہنچے ہیں۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے 81 ہزار عازمین حج اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود ہیں جن میں 47 ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر کے مکہ پہنچے ہیں جب کہ 12 ہزار عازمین حج ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ اب تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 16 عازمین کی طبعی اموات واقع ہوئی ہیں جن میں سے 12 سرکاری اور 4 نجی حج اسکیم کے تحت حجاز مقدس پہنچے تھے، تمام کی تدفین مدینہ منورہ کے جنت البقیع اور مکہ مکرمہ کے شرائع قبرستان میں کر دی گئی۔

وزارت مذہبی امور سے 187 افسران اور عملہ سعودی عرب میں فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیموں نے 336 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل کر لی ہے۔ 545 پاکستانی معاونین جب کہ 9 سو لوکل خدام بھی تعینات کیے جا چکے ہیں، حج میڈیکل مشن کے تحت 469 ڈاکٹر، نرسیں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کام کررہا ہے۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی عازمین حج کا سامان، نقدی اور وہیل چیئر وغیرہ کی بازیابی میں مصروف عمل ہے۔ حرم گائیڈز نے حرم کے باہر 66 ہزار سے زائد عازمین کو رہنمائی فراہم کی اور راستہ بھولنے والے 225 عازمین کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں