کراچی میں 694 ملی میٹر بارش ریکارڈ آج بھی شدید بارش کی پیش گوئی

آج گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جس کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے، موسمیات

آج گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جس کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو: فائل)

خلیج بنگال میں بننے والے مون سون کے پہلے سسٹم سے کراچی میں زیادہ سے زیادہ 69.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گرمی کا پارہ 6 ڈگری کمی سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے انتہائی کم دباؤ پر مشتمل مون سون کی بارشوں کا سلسلہ اتوار کی شب بھارت راجھستان سے سندھ میں داخل ہوا، جس کے تحت پیر کی صبح 5 بجے شہر بھر میں کہیں تیز اور کہیں درمیانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، بارشوں کا آغاز شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہوا جس کے بعد بارش کا سسٹم شہر بھر میں پھیل گیا اور دن بھر بارش جاری رہیں۔

بارانِ رحمت کی وجہ سے گرمی کا زورٹوٹ گیا اور موسم کافی حد تک خوشگوار ہوگیا، ستمبر 2017ء کے بعد شہر میں تیز بارشیں ریکارڈ ہوئیں،(سال 2017ء میں شہر میں 130 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ ہوچکی ہیں)، دن بھرسی ویو سمیت شہر کی دیگر تفریح گاہوں پر شہریوں کا رش امڈ آیا، جنھوں نے موسم کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 4۔69 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، صدر اور بیس فیصل میں 66 ملی میٹر، بیس فیصل پر 51، نارتھ کراچی 46، ناظم آباد 39، جناح ٹرمینل 50، یونیورسٹی روڈ 4۔50، گلستان جوہر 50، نیو کراچی 55، بیس مسرور 36، گلشن حدید 33، کیماڑی 12.7اور لانڈھی میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔


مون سون کی بارشیں مسلسل 13 گھنٹوں سے زائد وقت تک ریکارڈ ہوئیں جس کے بعد شام کے وقت بارشیں کچھ وقت کے لیے تھمنے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق مون سون کے حالیہ سلسلے کے تحت بدھ کی شام تک وقفے وقفے سے تیز اور درمیانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، بدھ کو سمندر کی جنوب مغربی سمت سے 45 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جبکہ تیز بارشوں کے دوران حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہو کر ڈیڑھ کلو میٹر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ صبح کے وقت شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کو بھی شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارشں ہونے کا امکان ہے اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 15 جولائی سے 15 ستمبر تک برقرار رہے گا جس کے دوران مون سون کے کئی دیگر اسپیل (سلسلے) شہر میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
Load Next Story