صرف چیک اپ پر ہزاروں حاجیوں کی بیماری کی غلط خبر چلائی گئی وزیر مذہبی امور

کسی کو عمران خان پر غصہ ہے تو اسے نکالنے کے اور بہت سے طریقے ہیں، پیر نور الحق قادری


ویب ڈیسک July 30, 2019
ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد حجاج حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاقی وزیرمذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ رواں برس حج آپریشن کے دوران ہوٹل اورٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔

حاجی کیمپ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران پیرنورالحق قادری نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے خدشہ تھا کہ حج درخواستیں کم آئیں گی لیکن اس سال ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، پاکستانیوں کی تعداد حج وعمرہ میں سب سے زیادہ ہے، پاکستان سے اس سال 2 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ 17 لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے۔ سعودی وزیر برائے حج و عمرہ نے فون کرکے کہا کہ اس بار پاکستان کا رسپانس سب سے اچھا ہے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ماضی کی نسبت حج انتظامات میں بہتری آئی ہے، ہمارے لئے سب کچھ ہمارے حاجی ہیں،حاجی کا معاملہ بینک، ائیر لائن یا کسی اور ادارے سے ہو، وزارت مذہبی امور حاجی کا ساتھ دے گی، اگر حج کی سہولیات کے حوالے سے کسی کارکن نے کوتاہی کی تو وہ اسی وقت واپس بلا لیا جائے گا۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد حجاج حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ اس سال 27 ہزار سے زائد حاجی اسلام آباد ائیر پورٹ سے روڈ ٹو مکہ سہولت کا فائدہ لیں گے، پہلی مرتبہ کوئٹہ سے حج پروازیں شروع کی گئیں، 95 فیصد سرکاری اسکیم کے حاجیوں کو حرم کے قریب ترین ہوٹل میں ٹھہرا رہے ہیں۔ حاجیوں کو ٹرانسپورٹ کے لئے نئی گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں جب کہ ای ویزہ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ہوٹل اورٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی گئی، بچت کے پیسے حاجیوں کو واپس کئے جا رہے ہیں۔

پیرنورالحق قادری نے اعتراف کیا کہ حج آپریشن میں مشکلات بھی آتی ہیں لیکن اسے منفی انداز میں نہیں دکھانا چاہیے، حج ایک عبادت اور فریضہ ہے، حج ڈسپنسری سے چیک اپ کرانے پر یہ خبر چلا دی گئی کہ 24 ہزار حاجی بیمار ہوگئے جو منفی پراپیگنڈہ ہے۔ کسی کو عمران خان پر غصہ یا پی ٹی آئی سے سیاسی چپلقش ہے تو اسے نکالنے کے اور بہت سے طریقے ہیں۔ حکومت کی ناکامیوں پر خبریں اس کے علاوہ بھی مل سکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں