سعید اجمل نے ون ڈے وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی

مائیک ہسی کو 100 واں شکار بنایا،کارنامہ انجام دینے والے 17ویں پاکستانی بولر


Numainda Khususi August 30, 2012
مائیک ہسی کو 100 واں شکار بنایا،کارنامہ انجام دینے والے 17ویں پاکستانی بولر (فوٹو : اے ایف پی)

سعید اجمل نے ون ڈے وکٹوں کی سنچری مکمل کر لی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے 17ویں پاکستانی بولر بنے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شارجہ میں جب سعید اجمل نے آسٹریلوی بیٹسمین مائیک ہسی کو اپنی پُرفریب بولنگ کا نشانہ بنایا تو اسی کے ساتھ وہ 100 وکٹ کلب میں شامل ہو گئے، انھوں نے یہ اعزاز 69 ویں میچ میں حاصل کیا، اس سے قبل مزید16 بولرز یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے، سعید کی فی وکٹ اوسط 24.19 ہے، وہ 3 مرتبہ چار اور ایک بار میچ میں 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔

موجودہ کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی343 میچز میں 346 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین پاکستانی بولر ہیں، ورلڈریکارڈ پر قابض وسیم اکرم نے356 میچز میں 502 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا،وقار یونس 262مقابلوں میں 416 وکٹیں لے چکے، سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کو انجریز نے 300 وکٹوں کا سنگ میل عبور نہ کرنے دیا، انھوں نے 169 میچز میں 288 پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔کینگروز سے سیریز کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل پیسر عبدالرزاق 268 اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے 241 وکٹیں لیں، سابق پیسرز عمران خان اور عاقب جاوید نے 182،182 بیٹسمینوں کو میدان بدر کیا، مشتاق احمد 161،عمرگل 158،شعیب ملک 139، عبدالقادر 132،اظہرمحمود 123،محمد سمیع 121،مدثر نذر 111 اور رانانوید الحسن 110 وکٹیں لے چکے۔

دریں اثنا آسٹریلیا کیخلاف پہلے مقابلے میں نصف سنچری نے پاکستانی بیٹسمین عمراکمل کو کیریئر کے2 ہزار رنز سے مزید قریب کر دیا، جمعے کو ابوظبی میں 24 کی اننگز انھیں یہ سنگ میل عبور کرا دے گی،کامران اکمل اور مصباح الحق کو 3،3 ہزار رنز کی تکمیل کیلیے بالترتیب 72اور 65رنز کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں