سیلابی ریلے کا رخ گرڈ اسٹیشن کی طرف کراچی میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا خدشہ

شدید بارشوں کے باعث پلیہ بہہ جانے سے ٹرکوں اور ٹریلرز کی لائنیں لگ گئیں


ویب ڈیسک July 30, 2019
پانی کے بہاؤ کو نہ روکا گیا تو سیلابی پانی گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوجائے گا اور مجبوراً گرڈ اسٹیشن بند کرنا پڑے گا، کے الیکٹرک (فوٹو: فائل/ایکسپریس)

ناردرن بائی پاس روڈ پر برساتی ریلے سے پلیہ بہہ جانے کے سبب سیکڑوں ٹریلرز اور ٹرکوں کی لائن لگ گئی جب کہ ریلے کی وجہ سے کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن کو خطرہ لاحق ہوگیا، کے الیکٹرک نے شہر کے بڑے حصے کی بجلی بند کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سے بلوچستان جانے والے ناردرن بائی پاس روڈ پر برساتی ریلا پل کو بہا کر لے گیا، نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں ٹریلر اور ٹریک ناردرن بائی پاس پر پھنس گئے۔

یہ پڑھیں: کراچی میں تھڈو ڈیم کے پشتے ٹوٹنے سے سیلابی ریلا شہر میں داخل

سیلابی ریلے کی خبر ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری ناردرن بائی پاس کے پل پر پہنچ گئی اور عوام کو بڑے حادثے سے بچالیا، رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے ٹریفک کو حب ریور روڈ کی جانب منتقل کردیا۔

ریلے کا رخ اسکیم 33 اور نیو کراچی کی طرف

دوسری جانب ناردرن بائی پاس سے بہنے والا پانی کا ریلا اب نیو کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے جب کہ کے الیکٹرک نے کراچی میں بڑے بریک ڈاؤن کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ سیلابی ریلا سپرہائی وے کے ڈی اے 220 گرڈ اسٹیشن اسکیم 33 کے قریب پہنچ چکا ہے اور سیلابی پانی گرڈ اسٹیشن میں داخل ہورہا ہے، شہری انتظامیہ اور دیگر اداروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے کہ اگر پانی کے بہاؤ کو نہ روکا گیا اور سیلابی پانی گرڈ اسٹیشن میں چلا گیا تو گرڈ اسٹیشن بند کرنا پڑسکتا ہے، اگر گرڈ اسٹیشن بند ہوگیا تو شہر میں بجلی کے بڑے بریک ڈائون کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں