کپتان نے بیٹسمینوں کوشکست کا ذمہ دار قراردیدیا

سری لنکن سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں انھیں بدستور دہرایا جا رہا ہے،مصباح الحق


Numainda Khususi August 30, 2012
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق (فوٹو : اے ایف پی)

MUMBAI: پاکستانی کپتان مصباح الحق نے پہلے ون ڈے میں شکست کا ذمہ دار بیٹسمینوں کو قرار دے دیا، ان کے مطابق سری لنکن سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں انھیں بدستور دہرایا جا رہا ہے۔شارجہ میں آسٹریلوی فتح کے بعد مصباح نے کہا کہ ہم بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے اور اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہیں، پہلے میچ میں سب سے اہم بات پورے 50 اوورز بیٹنگ تھی مگر ہم45.1 میں ہی آئوٹ ہو گئے، ٹیم نے 30،35 رنز کم بنائے، ہمیں کم از کم 230سے 240 کا مجموعہ تو حاصل کرنا چاہیے تھا،کپتان نے بولرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کم اسکور کے ہدف کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر بدقسمتی سے ناکام رہے، میں ان کی فائٹنگ اسپرٹ سے بیحد خوش ہوں،۔

مصباح الحق نے کہا کہ اس شکست کی ذمہ داری بیٹنگ لائن پر عائد کی جا سکتی ہے جو 200 رنز بھی نہ بنا سکی، یاد رہے کہ بیٹنگ پاور پلے میں پاکستان کا اسکور4 وکٹ پر 159تھا مگر پھر 39 رنز کے اضافے سے دیگر وکٹیں گر گئیں اور ٹیم 198 پر آئوٹ ہو گئی، مصباح نے دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے 8 بیٹسمین کھلائے مگر اس کے باوجود ہار ہی ہاتھ آئی۔ پاکستانی قائد نے مزید کہا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز میں جو غلطیاں کی گئیں انھیں اب بھی دہرایا جا رہا ہے،اگلا میچ جیتنے کے لیے ہمیں اس مسئلے پر قابو پانا ہو گا، مصباح الحق نے کہا کہ ابھی سیریز کے دو مقابلے باقی ہیں،

مجھے اپنے کھلاڑیوں پر پورا یقین ہے کہ وہ کم بیک ضرور کریں گے۔ واضح رہے پہلے میچ میں فتح کی بدولت اب آسٹریلیا رینکنگ میں مزید تنزلی سے بچ گیا، اگلے دونوں میچز ہارنے پر بھی وہ نمبر 4پر ہی برقرار رہے گا، البتہ پاکستان نے کلین سوئپ کے ذریعے چوتھی پوزیشن پانے کا موقع گنوا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں