ہاکی کلب بلوآسٹرو ٹرف کی تنصیب کھٹائی میں پڑگئی

سندھ حکومت سے منظوری ملنے کے باوجود محکمہ خزانہ نے رقم جاری نہیں کی


Sports Reporter/Zubair Nazeer Khan September 18, 2013
سندھ حکومت سے منظوری ملنے کے باوجود محکمہ خزانہ نے رقم جاری نہیں کی۔ فوٹو: فائل

ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں نئی بلوآسٹرو ٹرف کی تنصیب کھٹائی میں پڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی منظوری کے باوجود محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم جاری نہیں ہو سکی جس کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا،سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم کی ذاتی کوششوں اورگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی خصوصی ہدایت کے بعد بلو ٹرف کی تنصیب کیلیے پی ایچ ایف اور سندھ حکومت کے درمیان رواں سال 2 فروری کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے، معلوم ہوا ہے کہ صوبائی وزیر اعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے نئی ٹرف لگانے کے منصوبہ کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ خزانہ کو فوری رقم جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے، مگر بوجوہ فنڈزریلیز نہ ہونے کے سبب57.11 ملین روپے کا مذکورہ پروجیکٹ ہنوز التوا کا شکار ہے۔



واضح رہے کہ پی ایچ ایف کی جانب سے اسٹیڈیم میں فیلڈ جیوری،کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے اسٹینڈز کی تعمیر کے ساتھ گرلنگ کی درخواست بھی منظور ہونے کے بعد منصوبہ کی لاگت 6 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی، 2003 میں نصب کی جانیوالی موجودہ آسٹرو ٹرف کی گارنٹی کی مدت11 برس ہے جسے نئی ٹرف لگنے کی صورت میں سندھ حکومت کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔

دریں اثنا پی ایچ ایف کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سابق اولمپئن افتخار سید نے رابطہ پر بتایا کہ نئی ٹرف کے لیے بیس تیار اور قوی امید ہے کہ سندھ حکومت جلد رقم جاری کر دے گی،محکمہ کھیل کے چیف انجینئر محمد اسلم مہر نے امید ظاہر کی کہ فنڈ کے اجراء کے بعد ٹینڈر منظور ہوتے ہی بلوآسٹرو ٹرف 15 یوم میں پاکستان پہنچ جائے گی۔ واضح رہے کہ معاہدے کے تحت پی ایچ ایف ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میںسندھ کے کھلاڑیوں کو کھیل اوررہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کرے گی، ٹرف کی آپریٹنگ اور مینجمنٹ فیڈریشن کی ذمہ داری ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں