پیٹرول 5 روپے 15 پیسے اور ڈیزل 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر مہنگا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سیاسی رہنماؤں کا شدید رد عمل


ویب ڈیسک July 31, 2019
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا . (فوٹو: فائل)

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو بڑی عید پر تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک پھر اضافہ کردیا۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 117 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ

نوٹی فکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے جس کی نئی قیمت 132 روپے 47 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت فی لیٹر 8 روپے 90 پیسے اضافے کے بعد 90 روپے 52 پیسے جب کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 5 روپے 38 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 103 روپے 84 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

ترجمان پیپلزپارٹی مولابخش چانڈیو

پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام دشمنی ہے اسے مسترد کرتے ہیں، حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، عمران خان نے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیں، جو کچھ خان صاحب کر رہے ہیں ایسا سلیکٹڈ ہی کرسکتا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی

ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول مہنگا کرکے غریب عوام پر ظلم کے پہاڑ تورے گئے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک نہ پہنچانا سمجھ سے بالا تر ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اشیا خورد و نوش کی قیمتوں کو بھی مزید بڑھائے گا، عوام کی قوت خرید مزید ختم ہوگی جو غربت میں اضافے کا باعث بنے گی، لہذا وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں اور عالمی منڈی کے مطابق عوام کو ریلیف دیں۔

صدر اے این پی سندھ شاہی سید

اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو مسترد کرتے ہوے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار عوام کے لیے عذاب اور غریبوں کے لیے قصاب کا روپ دھار چکی ہے، سلیکٹڈ حکومت نے عید الاضحیٰ سے چند روز قبل عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا ہے، سرمایہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے کے بجائے غریبوں کو قربان کیا جارہا ہے، سلیکٹڈ وزیر اعظم قوم کے لیے موت کا فرشتہ ثابت ہورہے ہیں، مدینہ کی ریاست کے قیام کے دعوے داروں نے عید پر پیٹر ول بم گرانے کی روایت برقرار رکھی، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام سے عید کی خوشیاں چھیننے کے مترادف ہیں، عمران نیازی صاحب اگر اجاز ت ہو قوم تھوڑا سا گھبرالے؟

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے جاری شدید مہنگائی میں غریب عوام پر پیٹرول بم گرا کر حکمران ظلم کے مرتکب ہورہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت وقت غربت مٹانے کے بجائے غریب مٹاؤ اسکیم پہ گامزن ہے، عوام کو حکمرانوں سے خیر کی امید اب ختم ہوچکی ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ورنہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں