مون سون کی بارشیں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول پر نہ آسکی

کے الیکٹرک کی مرمتی ٹیمیں ہزاروں فنی خرابیوں کو دور کرنے میں ناکام ہوگئیں،بیشتر علاقے 48 گھنٹے بعد بھی بجلی سے محروم

کے الیکٹرک کی مرمتی ٹیمیں ہزاروں فنی خرابیوں کو دور کرنے میں ناکام ہوگئیں،بیشتر علاقے 48 گھنٹے بعد بھی بجلی سے محروم (فوٹو: فائل/ایکسپریس)

بارش کو تھمے ہوئے 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول پرنہ آسکی جب کہ شہر کے بیشتر علاقوں 48 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب شروع ہونے والی مون سون کی پہلی بارش کا سلسلہ منگل کی شام کو تھم گیا تھا بارش کا سلسلہ رکنے کے 24 گھنٹے بعد بھی شہرمیں بجلی کی فراہمی معمول پر نہیں آسکی ہے، بارش کے نتیجے میں آنے والے 5 ہزار سے زائد چھوٹی بڑی فنی خرابیوں کو دور کرنے میں کے الیکٹرک کی مرمتی ٹیمیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔

بدھ کی رات گئے تک شہر کے متعدد علاقوں میں مسلسل 3 روز سے بجلی کی فراہمی منقطع تھی جبکہ کے الیکٹرک کے شکایتی مراکز کی جانب سے شہریوں کی شکایات درج کرنے سے بھی گریز کیا جارہا تھا، صرف ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں سیکڑوں شکایات پر 48 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کے الیکٹرک کا عملہ نہیں پہنچ پایا تھا۔


ذرائع کے مطابق شہر بھر میں گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر میں خرابی، کیبل فالٹس، لنکنگ کیبل فالٹس، تاریں ٹوٹنے، سب اسٹیشن میں پانی بھر جانے۔ پی ایم ٹی کی کیبل جل جانے، جمپر لوز ہوجانے کی ہزاروں شکایات تاحال دور نہیں کی جاسکی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نہ صرف کے الیکٹرک کی مرمتی ٹیمیں شہر میں آنے والے فالٹس کی تعداد مقابلے میں انتہائی ناکافی تھیں جبکہ کے الیکٹرک کے پیچیدہ سسٹم کی وجہ سے انھیں بجلی کا نظام بحال کرنے کیلیے درکاراضافی تاریں، کیبل اور دیگر سامان کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔

بجلی کی عدم فراہمی سے متاثرہ علاقوں میں ڈیفنس، کلفٹن، شیریں جناح کالونی، کیماڑی، ماڑی پور، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نئی کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلزار ہجری، اسکیم 33، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، محمود آباد، منظور کالونی اور اخترکالونی شامل ہیں۔
Load Next Story