پاسپورٹ کی میعاد 10سال کرنے اور بڑے شہروں میں ہوم ڈلیوری کا حکم

غیر قانونی سرکاری پاسپورٹ3 دن میں منسوخ،عوام کیلیے ایس ایم ایس سروس شروع کی جائے،نثار


Numainda Express September 18, 2013
کرپشن برداشت نہیں ہوگی، مرکزی شکایات سیل بنایا جائے،وزیرداخلہ کی ہدایت فوٹو: فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے پاسپورٹ کی میعاد 5 کے بجائے10 سال کرنے، جمع کرائے گئے پاسپورٹ کی تیاری کے حوالے سے عوام کی آگہی کیلیے ایس ایم ایس سروس 7 دن کے اندرشروع کرنے اور ملک کے6 بڑے شہروں میں پہلے مرحلے میں پاسپورٹس کی گھروں پر ترسیل (ہوم ڈیلیوری) کرنے کے احکام دے دیے ہیں۔

یہ احکام وزیرداخلہ نے منگل کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کے دورے کے موقع پر ڈی جی پاسپورٹس کو دیے۔ وزیر داخلہ کو ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن سکندر سلطان راجا نے محکمہ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسوقت تمام التوا میں پڑے پاسپورٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ حاجیوں کو بروقت پاسپورٹس جاری کیے گئے جس کیلیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے تھے جبکہ محکمے نے مینوئل پاسپورٹس کو مشین ریڈایبل پاسپورٹس میں منتقل کرنے کا کام بھی مکمل کر لیا ہے۔ وزیرداخلہ نے ڈی جی کو ہدایت کی کہ ماضی میں جو بھی آفیشل پاسپورٹس قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کیے گئے ہیں، انھیں 3 دن کے اندر منسوخ کیا جائے۔ محکمہ کا مرکزی شکایات سیل قائم کر کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔



وزیر داخلہ نے صوبہ سندھ میں پاسپورٹ دفاتر کی کمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی کوحکم دیا کہ وہ سفارشات بنا کرپیش کریں تاکہ مسئلہ حل کیا جائے۔ انھوں نے گم ہو جانے والے پاسپورٹس کے دوبارہ اجراء کی فیس پر نظرثانی کر کے سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرداخلہ نے محکمہ پاسپورٹس کے حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، افسران اوراہلکار ہمیشہ قانون کے مطابق فرائض انجام دیں اورملکی مفاد کو اولین ترجیح دیں۔ وزیر داخلہ نے بیرون ملک قائم دفاتر کی بھی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ دفاتر کی تزئین وآرائش اور مرمت کا کام جلد سے جلد مکمل کیاجائے تاکہ لوگوں کو سہولت ہو۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ سے گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان نے ملاقات کی ہے جس میں صوبہ میںامن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ گورنرنے وزیرداخلہ سے کہاکہ حکومت کی مجوزہ قومی سیکیورٹی پالیسی نافذ ہونے کے بعد ملک میں امن وامان کے قیام میں سنگ میل ثابت ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |