وزیراعظم نے 3سالہ تجارتی پالیسی کی منظوری دیدی برآمدی ہدف95ارب ڈالرمتوقع

وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت وزارت تجارت میںاجلاس، امپورٹ ایکسپورٹ بینک کے قیام کا اصولی فیصلہ


Irshad Ansari August 30, 2012
وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف فائل فوٹو

وزارت تجارت نے نئی تجارتی پالیسی کے تحت آئندہ 3 سال تک ملکی برآمدات 95 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف تجویز کیا ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کیلیے امپورٹ ایکسپورٹ بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، حتمی منظوری نئی تجارتی پالیسی کے تحت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی جائیگی جبکہ وزیراعظم نے نئی تجارتی پالیسی کے مسودے کی بھی اصولی منظوری دیتے ہوئے امپورٹ،ایکسپورٹ بینک کے قیام سمیت دیگر معاملات طے کرنے کیلیے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم اورحکام پر مشتمل اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

اس ضمن میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے منگل کو وزارت تجارت کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ نے نئی تجارتی پالیسی کے تحت دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی لینڈ پورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ منسلک سرحدی علاقوں میں قائم لینڈ پورٹ کی کوآرڈینیشن و مینجمنٹ کیلیے ایک ادارہ قائم کیا جاسکے اور ملکی لینڈ پورٹس کو ڈیولپ کیا جاسکے۔

ذرائع نے بتایا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹیز قائم ہیں اور ان ہی ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی لینڈ پورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر یہ اتھارٹی قائم ہوتی ہے تو لینڈ پورٹس کے حوالے سے کوآرڈینیشن کو فروغ ملے گا جس سے دستاویزی معیشت کے حجم میں اضافہ ہو گا اور اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی اور قانونی تجارت بڑھے گی۔

ذرائع نے بتایاکہ اجلاس کے دوران وزارت تجارت کی طرف سے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو 3سالہ نئی تجارتی پالیسی 2013-15 کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ نئی تجارتی پالیسی کے تحت مالی سال 2014-15 میں ملکی برآمدات کو بڑھا کر 95 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف تجویز کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ نئی تجارتی پالیسی ایکسپورٹ اورینٹڈ اورکاروبار و عوام دوست ہونی چاہیے جس سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزارت تجارت کی طرف سے تمام متعقلہ اسٹیک ہولڈروں کی باہمی مشاورت سے تیار کردہ نئی تجارتی پالیسی کے مسودے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئی تجارتی پالیسی کے تحت وزارت تجارت نے ملکی معیشت کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کیلیے امپورٹ ایکسپورٹ بینک قائم کرنے کی تجویز دی ہے جس پر وزیر اعظم نے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر ندیم الحق، سیکریٹری کامرس منیر قریشی، سیکریٹری خزانہ عبد الواجد رانا سمیت دیگر حکام پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے، یہ کمیٹی امپورٹ، ایکسپورٹ بینک کے قیام کے حوالے سے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر رپورٹ تیار کرے گی جسکی روشنی میں امپورٹ، ایکسپورٹ بینک کے قیام کے بارے میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئی تجارتی پالیسی کے تحت سمری پیش کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی تجارتی پالیسی میں آئندہ 3سال میں ملکی برآمدات بڑھا کر 95 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف تجویز کیا گیا ہے، اس کے علاوہ نئی تجارتی پالیسی کے تحت مختلف شعبوں کی برآمدات بڑھانے کیلیے سپورٹ سسٹم متعارف کرانے کی بھی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت لیدر، گارمنٹس و ٹیکسٹائل کی طرح دوسرے ایسے شعبے جہاں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات بڑھانے کی بڑے پیمانے پر گنجائش موجود ہیں کو سپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ ان شعبوں میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں