پنجاب حکومت کے سو دنوں پر100ناکامیوں کے نام سے تحریک انصاف کا حقائق نامہ

صوبے میں روزانہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے مگر شہبازشریف اب مینار پاکستان پر احتجاجی کیمپ کیوں نہیں لگاتے


ویب ڈیسک September 18, 2013
پنجاب میں100دنوں کے دوران آٹا26 فیصد، چاول 23فیصد، آلو50فیصد، ٹماٹر100فیصد، دال ماش28فیصدجبکہ انڈے 39 فیصد مہنگے ہوئے،میاں محمودالرشید ۔ فوٹو: آئی این پی

تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کے سو دنوں پر "100ناکامیوں" کے نام سے حقائق نامہ جاری کر دیا۔

پنجاب اسمبلی میں اراکین پنجاب اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ حالیہ پنجاب حکومت کے ابتدائی 100 دنوں میں آٹے کی قیمت میں 26 فیصد، چاول قیمت میں 23فیصد، آلو 50 فیصد،پیاز 5 فیصد، ٹماٹر100فیصد، دال ماش28فیصد، مرچ 43 فیصد جبکہ انڈے 39 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس پر سالانہ اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں مگر5 سالہ سنبل کے ساتھ ہونے والی زیادتی میں پولیس ملزموں کو تاحال پکڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکی جو پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جنوبی پنجاب میں چھوٹو گینگ نے حکومت کی رٹ کوختم کردیا مگرابھی تک ان کے خلاف بھی کسی قسم کی کارروائی میں کامیاب نہیں ہوسکی، گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پنجاب میں زیادتی کے 460 واقعات ہوئے ہیں۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی حکومت نے وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں اور بجلی کے خاتمے کے حوالے سے ہر روز "سیکڑوں " مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جانے کے دعوے ہوتے ہیں مگر پنجاب میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کارکردگی "کھودا پہاڑ،نکلا چوہا" کے مترادف ہے، اب بھی صوبے میں روزانہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، شہبازشریف اب مینار پاکستان پر احتجاجی کیمپ کیوں نہیں لگاتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں