ڈالر کی قدر گرنے کے باوجود سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 900 روپے مہنگا ہو کر 84000 روپے ہوگیا۔


ویب ڈیسک August 02, 2019
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 29 ڈالر اضافے کے بعد 1436 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ فوٹو: فائل

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے کے اضافے کے بعد 84 ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 31 پیسے کمی ہوئی اور مارکیٹ کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 159 روپے 11 پیسے پر بند ہوا، رواں ہفتے میں ڈالر کی قدر 1 روپے 45 پیسے گری ہے، تاہم اس کے برعکس سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں یکدم 29 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1436 ڈالر ہوگیا، اسی طرح ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 900 روپے اور 771 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 84 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 72 ہزار 16 روپے ہوگئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں