جسٹس فائز کا جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کرنے کا فیصلہ

جسٹس فائز خود ایک درخواست کی تیاری کر رہے ہیں جو کہ تیاری کے آخری مراحل میں ہے، ذرائع


میاں عقیل افضل August 03, 2019
جسٹس فائز خود ایک درخواست کی تیاری کر رہے ہیں جو کہ تیاری کے آخری مراحل میں ہے، ذرائع۔ فوٹو : فائل

WASHINGTON: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ملک بھر کی مختلف بار ایسوسی ایشنز نے بھی جسٹس فائز کیخلاف حکومتی ریفرنس کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔سپریم جوڈیشل کونسل کا آ ئندہ اجلاس 8 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس فائز خود ایک درخواست کی تیاری کر رہے ہیں جو کہ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے ججز کا نظر ثانی شدہ روسٹر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبر جسٹس گلزار احمد 5 اگست سے شروع ہونیوالے صرف ہفتے کے صرف ایک دن 8 اگست کو اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے جس سے اس امکان کو تقویت ملتی ہے کہ ممکنہ طور پر سپریم جوڈیشل کونسل کا آئندہ اجلاس 8 اگست کو ہوسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پہلے جاری کیے گئے روسٹر میں جسٹس گلزار احمد نے پورا ہفتہ کراچی میں مقدمات سننا تھے۔

علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے سینئر وکلا کا ایک اہم خفیہ مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آ غا کیخلاف حکومتی ریفرنسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے اور اس کیلیے صرف ایک نہیں بلکہ ملک بھر سے بار ایسوسی ایشنز کو درخواستیں دائر کرنے کیلیے کہا جائے۔

اس سے پہلے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ، سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس فرخ عرفان کیخلاف ہونیوالی کارروائی کو بھی اوپن عدالت میں سماعت کیلیے مقرر کرنے کی مثالیں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق آ ئندہ ہفتہ حکومتی ریفرنسز کے حوالے سے اہم ہوگا اس ہفتے میں ملک بھر سے مختلف بار ایسوسی ایشنز ریفرنسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں