کھادسستی کرنے کیلیے240ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جائے

کارخانے100فیصدصلاحیت پرچلیں توکھادکی قیمت250روپے تھیلہ کم ہو سکتی ہے،مینوفیکچررز

گیس سپلائی بہترہوئی،تھیلوں پرقیمت پرنٹ کرناقابل عمل نہیں،شہاب خواجہ ودیگرکی گفتگو فوٹو: فائل

فرٹیلائزر مینوفیکچررز آف پاکستان ایڈوائزری کونسل نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی سپلائی میں بہتری آئی ہے، مسلسل گیس فراہمی سے کھاد کارخانے 100 فیصد پیداوار دے سکتے ہیں جس سے کھاد کے تھیلے کی قیمت میں 200 سے 250روپے کمی ہوسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار فرٹیلائزر مینوفیکچررز آف پاکستان ایڈوائزری کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہاب خواجہ، اینگرو فرٹیلائزر کے امان الحق، ایگری ٹیک کے فیصل مزمل اور ڈی ایچ فرٹیلائزر کے ندیم الحق سمیت دیگر مینوفیکچررز نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کھاد کے کارخانوں کو 100فیصد پیداواری صلاحیت پر چلانے کے لیے 240 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہے لیکن اس وقت فرٹیلائزر سیکٹر کو 75 سے 80 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے۔

ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت کو اہمیت دی ہے اور زرعی شعبے کی ترقی کیلیے فرٹیلائزر کے شعبہ پر توجہ دی ہے جس سے فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی میں بہتری آئی ہے، موجودہ دور حکومت میں 2 ہفتے ایسے بھی آئے جب فرٹیلائزر پلانٹس 100فیصد پیداواری صلاحیت پر چل رہے تھے۔




کھاد کے تھیلوں پر قیمت پرنٹ کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اشیا کے بیگ پر قیمت پرنٹ نہیں ہوتی، حقیقت میں کھاد کے تھیلوں پر قیمت پرنٹ کرنا مشکل ہے کیونکہ اس کے لیے بڑی مقدار میں پیکنگ میٹریل درکار ہوتا ہے جبکہ ہمارے لیے کبھی گیس کی قیمت بڑھائی جاری ہے تو کبھی کسی دوسرے خام مال کی قیمت میں کمی بیشی ہوجاتی ہے۔

جس سے کھاد کی قیمت بھی متاثر ہوتی ہے، ایسے میں کھاد کی بوری پر قیمت پرنٹ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ ملک میں کھاد کی پیداوار 20 ہزار ٹن یا 4 لاکھ تھیلے یومیہ ہے، مینوفیکچررز کو کھاد کا 6 ماہ کا اسٹاک بھی رکھنا ہوتا ہے، اگر اتنی بھاری مقدار کے لیے پیکنگ میٹریل پر قیمت پرنٹ کرائی جاتی ہے تو اس دوران اگر قیمت میں تبدیلی آ جاتی ہے تو اس سے پرانی قیمت والا پیکنگ میٹریل ضائع ہوجائیگا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کھاد کے کارخانے 100فیصد پیداواری صلاحیت پر چلنا شروع ہوجائیں تو اس سے کھاد کی قیمت میں 200سے 250 روپے فی تھیلہ کمی ہوگی۔
Load Next Story