گوجرانوالہ سے بھارتی شہری پنچم تیواری گرفتار

پنچم تیواری 10 سال سے پاکستان میں مقیم تھا۔


ویب ڈیسک August 03, 2019
پنچم تیواری 10 سال سے پاکستان میں مقیم تھا۔ فوٹو:ٹوئٹر

گوجرانوالہ میں دس سال سے مقیم بھارتی شہری پنچم تیواری کو گرفتار کرلیا گیا۔

حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ سے بھارتی شہری پنچم تیواری کو گرفتار کرلیا جو 10 سال سے پاکستان میں مقیم تھا۔ اس نے جعلی شناختی کارڈ بنوایا اور پاکستانی لڑکی سے شادی کرلی جس سے اس کے 3 بچے بھی ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر نواز کے مطابق ملزم پنچم تیواری بھارت کے علاقے بنارس کارہائشی ہے۔ پنچم تیواری سے تحقیقات کی گئیں تو اس نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلمان ہوچکا ہے اور بھارت واپس جانا نہیں چاہتا۔

پنچم تیواری نے ایف آئی اے کو بیان دیا ہے کہ اس نے 2009 میں دبئی میں پاکستانی شہری کامران کے ساتھ مل کر کاروبار کیا، کامران سے متاثر ہو کر ہندو مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا، مذہب کی تبدیلی کے باعث بھارت واپس جانے سے ڈرتا تھا۔

پنچم تیواری نے کہا کہ کامران نے اسے پاکستان میں رہنے اور بہن سے شادی کی پیشکش کی، انسانی اسمگلرز نے سمندری راستے سے کراچی پہنچا دیا، کامران کے پھوپھا مسعود نے اپنا بیٹا ظاہر کر کے شناختی کارڈ دلوایا اور نیا نام بلال رکھ دیا، کامران کی بہن سے اس کی شادی ہوئی اور تین بچے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ بطور مسلمان یہیں زندگی گزارنا چاہتا ہوں، بھارت نہیں جاؤں گا۔

ایف آئی اے نے ملزم پنچم تیواری کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مقدمے میں ملزم کی مدد کرنے والے کامران اور اس کے اہل خانہ سمیت 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں