بھارت اور اسرائیل کے درمیان دوستی کی بڑھتی ہوئی پینگیں
مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ بیت المقدس کے قابضین کے درمیان دوستی کی بڑھتی ہوئی پینگوں پر اسرائیلی سفارت خانے کی جانب سے جاری ویڈیو نے مہر ثبت کردی۔
فلسطین میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جارحیت اور کشمیریوں پر مودی کے مظالم سے دونوں رہنماؤں کا غاصبانہ کردار اور آمرانہ سوچ بے نقاب ہوگئی ہے جو دونوں کی ایک دوسرے سے قربت کا باعث بھی ہے اور جس کا اظہار اسرائیلی سفارت خانے کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں بھی کیا گیا ہے۔
بھارت میں تعینات اسرائیلی سفات خانے نے اپنی ایک ٹویٹ میں دوستی کے عالمی دن کے موقع پر نیتن یاہو اور مودی کی ایک دوسرے سے ملاقات کی تصاویر بھارتی فلم' شعلے' کے مشہور نغمے 'یہ دوستی ہم نہیں چھوڑیں گے' کے بیک گراؤنڈ کے ساتھ ٹویٹ کی ہے۔
ایک ایسے وقت میں جہاں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر ایک چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم کردی ہے، دونوں رہنما دوستی کا جشن منا رہے ہیں۔