پونے 25 کروڑ سے چندریگر روڈ کی تزئین و آرائش کا منصوبہ تیار

شاہین کمپلیکس تا میری ویدر ٹاور فٹ پاتھوں کو یکساں ڈیزائن اور زیبرا کراسنگ بڑی بنائی جائیں گی۔


Staff Reporter August 05, 2019
منصوبہ سندھ حکومت سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مکمل کرے گی، پی سی ون تیار کر لیا گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی کی تاریخی میکلوڈ روڈ نیا نام ابراہیم اسماعیل چندریگر روڈ کو خوبصورت اور بہتر بنایا جائے گا۔

شاہراہ کی تزئین و آرائش کے لیے حکومت سندھ نے منصوبہ تیار کرلیا ہے اوراس پر عملدرآمد کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے ،منصوبے کے تحت شاہراہ کو خوبصورت بناکر اس کی ماضی کی حیثیت بحال کی جائے گی۔

شاہین کمپلیکس تا میری ویدر ٹاور تک دونوں اطراف کی فٹ پاتھوں کو یکساں ڈیزائن سے خوبصورت طریقے سے تعمیر کیا جائے گا جبکہ زیبرا کراسنگ ریڈ پیور سے معمول سے بڑی بنائی جائیں گی،فٹ پاتھوں سے غیر قانونی پارکنگ ختم کی جائے گی اور شاہراہ کو ٹریفک اور شہریوں کی سہولت کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا۔

سندھ حکومت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبے کو مکمل کرے گی، منصوبہ پر عملدرآمد اور اس کی دیکھ بھال کے لیے چندریگر روڈ پر قائم مالیاتی اداروں اور بینکوں کے صدر دفاتر سے تعاون حاصل کیا جائے گا،کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ہفتے کو آئی آئی چندریگر روڈ کادورہ کر کے مسائل کا جائزہ لیا۔

اسپیشل سیکریٹری محکمہ بلدیات نیاز سومرو، اسٹیٹ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اشرف خان ، مختلف مالیاتی اداروں کے افسران موجود تھے، اسپیشل سیکریٹری نیاز سومرو نے کمشنر کو بتایا کہ آئی آئی چندریگر روڈ کی بحالی اور اسے خوبصورت بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، منصوبے کو وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سڑک کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،منصوبے کے لیے ، 24 کروڑ 80 لاکھ (248 ملین) روپے مختص کیے گئے ہیں ،منصوبے کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے، عیدالاضحی کی چھٹیوں کے بعد منظوری حاصل کی جائے گی اور امید ہے کہ 6 ماہ میں منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں