بارش کے بعد سڑکیں گڑھوں میں تبدیل حادثات بڑھ گئے

بلدیاتی اداروں کی غفلت سے شہرکی ہرشاہراہ اورسڑک گڑھوں میں تبدیل ہوگئی،گہرے گڑھوں میں گاڑیاں پھنسنے لگیں


Staff Reporter August 05, 2019
بلدیاتی ادارے استرکاری نہیں کرسکتے تو گڑھوں میں ملبہ ڈال کرانھیں بھر دیں،شہری (فوٹو : فائل)

کراچی میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں نے شہر میں کیے جانے والے نام نہادترقیاتی کاموں کی قلعی کھول دی، شہر بھر کی شاہراہیں اور سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوگئیں۔

حکومت سندھ، محکمہ بلدیات اور بلدیاتی اداروں کی غفلت کے باعث شہر بھر کی شاہراہیں اور سڑکیں گڑھوں کے باعث موت کے کنوؤں میں تبدیل ہوچکی ہیں، بارش کے بعد پڑنے والے گہرے گڑھوں میں گاڑیاں پھنسنے لگی ہیں موٹر سائیکل سوار گڑھوں میں گرکر زخمی ہورہے ہیں، گڑھوں کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور حادثات معمول بن گئے ہیں۔

شہریوں نے وزیر بلدیات اور میئر کراچی اور ضلعی بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں سے اپیل کی ہے کہ اگر سڑکوں کی استری کاری نہیں کرسکتے تو کم از کم گڑھوں میں ملبہ ڈال کر انھیں بھر دیا جائے تاکہ جان لیوا حادثات اور ٹریفک جام سے شہری بچ سکیں۔

حالیہ بارشوں نے جہاں سڑکوں کو گڑھوں میں بدل کر رکھ دیا ہے وہیں شہر بھر کا نکاسی آب کا نظام بھی بری طرح سے متاثر ہے ، شہر کی ہر گلی اور محلے کے علاوہ مرکزی سڑک پر گٹر ابل رہے ہیں اور گندا پانی تالاب کا منظر پیش کررہا ہے، شفیق موڑ سے سہراب گوٹھ انڈر پاس جانے والی سڑک گزشتہ کئی ماہ سے ٹوٹ پھوٹ کی شکار تھی اور رہی سہی کسر حالیہ بارشوں نے پوری کردی مذکورہ سڑک پر گہرے گڑھے پڑنے سے گزرنے والے شہری شدید اذیت سے دوچار ہیں، سڑک پر گاڑیوں کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے شفیق موڑ تک بدترین جام ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی بے حسی کی وجہ سے شہریوں کو روزانہ بدترین ٹریفک جام کا عذاب برداشت کرنا پڑرہا ہے بلکہ مہنگائی میں ایندھن ضائع ہونے سے اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

عیدالاضحی کے موقع پر نارتھ ناظم آباد ، شادمان ٹاؤن ، بفرزون اور نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں کے رہائشی اسی راستے کو سپر ہائی وے پر لگنے والی مویشی منڈی جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں اگر سڑک کی استری کاری ممکن نہیں تو ملبہ ڈال کر ہی گڑھوں کو بند کر دیا جائے تاکہ گاڑیاں آسانی سے گزرسکیں گے۔

کراچی مں گزشتہ ہفتہ ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی، عزیز آباد، شیر شاہ، پیپلز چورنگی ، کریم آباد فلائی اوور سے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت جانے والا ٹریک ، نیوکراچی، ایوب گوٹھ ، یونیورسٹی روڈ، دھوراجی کالونی ، بہادر آباد ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، انڈہ موڑ ، قلندریہ چورک ، سخی حسن چورنگی، جہانگیر روڈ، جمشیدروڈ، جیل روڈ، اولڈ سٹی ایریاز میں نشتر روڈ، رنچھوڑ لائن، رامسوامی، جوبلی، بوہرا پیر اور لیاری کی کئی سڑکوں پر گہرے گڑھے پڑچکے ہیں جس سے گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کو شدید پریشانی اوراذیت کا سامنا ہے۔

حالیہ بارش کے بعد ان علاقوں سے سیوریج کا نظام بھی بری طرح سے متاثر ہے ہر سڑک اور گلی میں جگہ جگہ ابلتے ہوئے گٹروں سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہے، شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں