مجرموں سے این آر او کرکے ہم نےغلطی کی مخدوم امین فہیم
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ ہم نے مجرموں سے این آر او کرکے غلطی کی جس پر قوم کو ہم سے پوچھنا چاہیے ۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےمخدوم امین فہیم نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مک مکا کا تاثر درست نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی نے شروع دن سے ہی فیصلہ کیا تھا کہ موجودہ حکومت کو کام کرنے کے لیے موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ذرا سی مہنگائی پر لوگ سڑکوں پرآجاتے تھے لیکن موجودہ دور حکومت میں مہنگائی کی شدت میں بے تحاشہ اضافہ کے باوجود عوام کا سڑکوں پر نہ آنا اس بات کی دلیل ہے کہ لوگ موجودہ مہنگائی اور حکومت سے خوش ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں مجرموں سے این آر او کر کے غلطی کی جس پر قوم کو ہم سے پوچھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس ملک میں امن و امان کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی سیکٹر کو سردیوں میں 3 ماہ کی بندش کا فیصلہ غیر مناسب ہے اس سے عوام کو ریلیف نہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے اور جو لوگ اس قانون کا غلط استعمال کرتے ہیں ان کی سزا کے تعین کے لیے قانون سازی کی جائے۔