سپریم کورٹ کی پولیس اور رینجرز کو چوکیاں ختم کرنے کیلیے مزید 2 ماہ کی مہلت

سب پارک خالی کریں اور اپنی کوئی متبادل جگہ تلاش کریں، عدالت


ویب ڈیسک August 06, 2019
سب پارک خالی کریں اور اپنی کوئی متبادل جگہ تلاش کریں، عدالت۔ فوٹو:فائل

KARACHI: سپریم کورٹ نے رینجرز کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 سے پارک خالی کرنے اور بیرئرز ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے فٹ پاتھوں پر پولیس اور رینجرز کو چوکیاں ختم کرنے کے لیے مزید 2 ماہ کی مہلت دیدی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ کے روبرو پولیس اور رینجرز کو چوکیاں ختم کرنے سے متعلق سماعت ہوئی، اس موقع پر لاء افسر نے موقف اپنایا کہ رینجرز کی جو چوکیاں تھی وہ ہٹا دی گئی ہیں۔

عدالت نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 سے پارک خالی کرنے، پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 اور شارع فیصل سے متصل سڑک سے رینجرز کو بیرئیرز ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریماکس میں کہا کہ ان کو کیا ضرورت ہے پتلی گلی پر بیرئیرز لگانے کی، سب پارک خالی کریں اور اپنی کوئی متبادل جگہ تلاش کریں۔

لاء افسر نے موقف دیا کہ سندھ حکومت جگہ نہیں دے رہی جب کہ عدالت نے ڈی جی رینجرز کو طلب کرلیا۔ عدالت نے ریماکس دیے کہ جو باتیں آپ کہہ رہے ہیں ان سے سننا چاہتے ہیں تاہم پولیس اور رینجرز کی درخواست پر عدالت نے تمام چوکیاں ختم کرنے کے لیے مزید 2 ماہ کی مہلت دے دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں