ڈالر کی قدر گرنے کے باوجود سونے کی قیمت 86 ہزار روپے سے بھی تجاوز کرگئی

فی تولہ سونا 86 ہزار 250 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 73945 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔


ویب ڈیسک August 07, 2019
عالمی مارکیٹ میں سونا 32 ڈالر مہنگا ہوکر 1495 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔ ۔(فوٹو: فائل)

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1750 روپے اضافے کے ساتھ 86 ہزار 250 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کے روز بھی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 40 پیسے کی کمی کے ساتھ 158 روپے 25 پیسے پر بند ہوا، جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20 پیسے گری اور ڈالر 158 روپے 70 پیسے پر بند ہوا، تاہم اس کے برعکس سونے کی قیمت نے اونچی اڑان بھرتے ہوئے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں یکدم 32 ڈالر کا اضافہ ہوگیا اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1495 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں نظر آیا اورسونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہی دن میں 1750 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1500 روپے بڑھ گئے۔ ماہرین نے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کو امریکا چین تجارتی جنگ کو قرار دیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 86 ہزار 250 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر73 ہزار 945 روپے ہوگئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1110 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں