امریکا سے چند روز میں امن معاہدہ طے پانے کی امید ہے ترجمان افغان طالبان

افغان امن مذاکرات کے فریقین کے درمیان آخری نکات پر بحث جاری ہے، سہیل شاہین


ویب ڈیسک August 07, 2019
امریکا اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان آخری نکات پر بحث جاری ہے۔ ترجمان طالبان فوٹو : فائل

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ دنوں میں امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات پر دستخط ہونے کے امکانات ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے انکشاف کیا کہ دوحہ میں ہونے والے امن مذاکرات تیزی سے کامیابی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور یہ مذاکرات اسی رفتار سے چلتے رہے تو کچھ ہی دنوں میں امن معاہدے پر دستخط ہونے کے امکانات ہیں۔

ترجمان سہیل شاہین نے مزید بتایا کہ مذاکرات کے فریقین اب آخری نکات پر بات چیت کر رہے ہیں اور امید ہے چند دنوں میں یہ نکات بھی حل ہو جائیں گے، تمام نکات پر اتفاق ہوجانے کی امید ہے تاہم ہوسکتا ہے کہ کچھ نکات پر اتفاق نہ ہوپائے لیکن ایسی صورت حال میں بھی مذاکرات کے مجموعی مثبت نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے فریقین کے درمیان زیر بحث آخری نکات سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نکات کو منظر عام پر لانا درست نہیں ہوگا تاہم اتنا بتاسکتا ہوں کہ یہ نکات معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور ٹائم فریم سے متعلق ہیں۔

سہیل شاہین نے مزید کہا کہ طالبان شہریوں کو مکمل بنیادی حقوق کی فراہمی کی یقینی دہانی کراتے ہیں اور بالخصوص عورتوں کے بنیادی حقوق، جن میں تعلیم، ملازمت اور کاروبار شامل ہیں کے مواقع فراہم کریں گے، خواتین کو اسلام میں حاصل تمام حقوق مہیا کریں گے۔

امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ آزادانہ طور پر امریکا سے مذاکرات کر رہے ہیں لیکن مذاکرات میں دوسرے ممالک کے کردار کی قدر کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |