مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 نوجوان شہید اور 100 زخمی

قابض بھارتی فوج نے سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں میں مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا


ویب ڈیسک August 07, 2019
قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا۔ فوٹو : فائل

قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 کشمیری شہید اور 100 زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خود مختاری پر کاری وار کرکے مودی سرکار نے پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے، خصوصی حیثیت کے خاتمے کیخلاف سری نگر، پلوامہ، بارہ مولا اور شوپیاں میں کشمیری احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور شدید نعرے بازی کی۔

قابض بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے اور معصوم مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر 6 نوجوان شہید ہوگئے جب کہ 100 کشمیری زخمی ہوئے۔ زیادہ تر مظاہرین پیلٹ گولیاں لگنے کے باعث زخمی ہوئے جب کہ آنسو گیس کی شیلنگ سے شہری بے حال ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ دو روز قبل مودی سرکار نے آرٹیکل 35-اے اور 370 کو منسوخ کرکے کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کردیا تھا اور کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے بھارتی یونین کا حصہ بنا دیا تھا جس کے بعد سے تمام کشمیری رہنما گرفتار، کرفیو نافذ، نیٹ اور ٹیلی فون سروس معطل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں