ظفر بلوچ کی ہلاکت افسوسناک ہے آپریشن جاری رہے گا نوید قمر

لیاری والے امن پسند ہیں، ظفر بلوچ کی ہلاکت میں نبیل گبول کا ہاتھ ہے، حبیب جان

کراچی پر بابا لاڈلا گروپ قابض ہے، ندیم خان، تکرار میں اطہر خان، شاہ ولی اللہ کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید نویدقمر نے کہاہے کہ ظفربلوچ کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوںنے کہا کہ ٹارگٹڈآپریشن وفاق اورصوبائی حکومت کے تعاون سے ہورہا ہے جس سے عوام کوامن قائم ہونے کی امید ہوگئی ہے لیکن ابھی بھی کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ کراچی میں امن قائم ہو۔ اس وقت پورے کراچی کی فضا سوگوار ہے۔ آپریشن تو جاری رہے گا، تمام معاملات کو کسی حتمی انجام تک تو پہنچنا ہے۔ لندن میں فرینڈز آف لیاری تنظیم کے رہنما حبیب جان بلوچ نے کہا کہ لیاری کے لوگ امن پسند ہیں، لیاری کے لوگوں کے بارے میں افواہیں منظم انداز میں پھیلائی جارہی ہیں۔ ظفر بلوچ کی ہلاکت کی سازش کے پیچھے نبیل گبول کا ہاتھ ہے اور نبیل گبول ہی لیاری گینگ وارکا بانی ہے۔




لیاری میں بابا لاڈلہ کا کوئی قبضہ نہیں ہے۔ انھوںنے پاکستان بچانے میں اہم کردار اداکیا ہے ان کو تو ایوارڈ ملنا چاہیے۔ ایکسپریس نیوز کے رپورٹر ندیم خان نے کہا کہ کراچی پر اس وقت بابا لاڈلہ گروپ کا قبضہ ہے اور یہ وہی لوگ ہیں جو ظفرخان کے قتل میں ملوث ہیں۔ بابا لاڈلہ نے یہ حکم دیا ہے کہ کراچی کی سابق قیادت کے پوسٹرز اتار دیے جائیں۔ ظفربلوچ کے قتل پر لیاری میں ایک ٹائر کا بھی نہ جلنا اس بات کی گواہی ہے لیاری پر اس وقت ان کا مخالف گروپ قابض ہے کیونکہ سردار عزیرجان بلوچ بھی علاقے میں نہیں ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے رپورٹر اطہرخان نے کہا کہ لیاری میں جب بھی کوئی احتجاج ہوتا تھا تو ظفر بلوچ اس کو پرامن رکھنے کے لیے متحرک رہتے تھے، لیاری میں چند برسوں میں وار گینگز میں سیکڑوں لوگ مارے گئے ہیں۔ لیاری وار گینگ کے آج بھی 10افراد پکڑے گئے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے رپورٹر شاہ ولی اللہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے حکومت کو خط لکھا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو ان کے دورہ سندھ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے، مولاناکو سخت سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ حکومت سندھ کومزید بتایا گیا ہے کہ تحریک طالبان نے کراچی میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہے اور وہ سرکاری دفاتر اورسیکیورٹی اداروں کے مراکز کو نشانہ بنا سکتی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story