ایکسپریس کے ایڈیٹر اسپورٹس سلیم خالق کا بین الاقوامی اعزاز

2 برس کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ایوارڈز ووٹنگ اکیڈمی میں شامل کرلیا گیا

2 برس کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ایوارڈز ووٹنگ اکیڈمی میں شامل کرلیا گیا۔ فوٹو : فائل

سینئر صحافی اور ایکسپریس کے ایڈیٹر اسپورٹس سلیم خالق کو2 برس کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ایوارڈز ووٹنگ اکیڈمی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

وہ دیگر ارکان کے ساتھ آئی سی سی ایوارڈز کیلیے غیرمعمولی کارکردگی پیش کرنے والے کرکٹرز کا انتخاب کریں گے، سلیم خالق1999 سے ایکسپریس کے ساتھ منسلک ہیں اور انھیں پاکستان سمیت انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یو اے ای، کینیڈا، جنوبی افریقہ، بھارت اور بنگلہ دیش میں ٹیسٹ یا ون ڈے انٹرنیشنل میچز کور کرنے کا اعزاز حاصل ہے، وہ ورلڈکپ،آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور آئی پی ایل میں بھی ادارے کیلیے فرائض انجام دے چکے ہیں۔




کرکٹ میں کئی کتابیں تحریر کرنے کے ساتھ وہ بطور ماہر ٹیلی ویژن پر بھی تبصرے کرتے ہیں،32رکنی آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی میں سابق معروف کرکٹرز جبکہ ٹیسٹ ممالک کے10میڈیا ممبران کے ساتھ ایک ایسوسی ایٹ و ایفیلیٹ رکن بھی شامل ہے، سلیم خالق اس میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی صحافی ہیں، آئی سی سی آئندہ چند روز میں رواں برس کی ایوارڈز تقریب کے میزبان شہر اور تاریخ کا اعلان کرے گی۔

اسی کے ساتھ شارٹ لسٹ بھی جاری کی جائے گی،اس میں سے ووٹنگ اکیڈمی کو سال کے بہترین کرکٹر، ٹیسٹ کرکٹر، ون ڈے کرکٹر، ون ڈے ویمن کرکٹر، ٹی ٹوئنٹی ویمن کرکٹر، ایمرجنگ کرکٹر، ایسوسی ایٹ اینڈ ایفیلیٹ کرکٹر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کی بہترین پرفارمنس کا انتخاب کرنا ہو گا۔ یاد رہے کہ کرکٹ ''آسکر ایوارڈز'' کے نام سے مشہور تقریب 2004سے سالانہ بنیادوں پر منعقد ہو رہی ہے،1909میں امپیریل کرکٹ کانفرنس کے نام سے قائم ہونے والی کرکٹ کی عالمی تنظیم کے اس وقت107 ممبرز ہیں، ان میں سے10فل ارکان کو ٹیسٹ کھیلنے کا حق حاصل ہے،37 ایسوسی ایٹ اور60ایفیلیٹ ارکان بھی موجودہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا حصہ ہیں۔
Load Next Story