بیٹے نے باپ کو اجرتی قاتلوں کے ہاتھوں مروادیا

بیٹے نے کرائے کے قاتلوں کو باپ کو مارنے کے 10 ہزار روپے دیے تھے


عمر یعقوب August 08, 2019
پولیس نے اجرتی قاتلوں سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا فوٹو: ایکسپریس

گجرپورہ میں گزشتہ ماہ قتل ہونے والے شخص کا قاتل اس ہی کا بیٹا نکلا جس نے 10 ہزار روپے دے کر کرائے کے قاتلوں سے یہ کام کرایا۔

لاہورمیں گجرپورہ پولیس نے 20 روز پہلے قتل ہونے والے شہری عبدالرزاق کے کیس کی تحقیقات مکمل کرلیں۔ مقتول کو اس کے سگے بیٹے شعیب نے اجرتی قاتلوں کی مدد سےقتل کروایا۔

ایس پی انوسٹی گیشن سول لائن ڈویژن دوست محمدنے بتایاکہ ملزم شعیب نے دوران تفتیش اپنے والد کوقتل کروانےسےمتعلق اعتراف جرم کرلیا ہے۔ ملزم نے بتایاکہ اس کے والد کا مختلف لوگوں کےساتھ لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ جس کی وجہ سے آئے روز گھر کے باہر لوگوں سے تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ انہی حالات سے تنگ آکرمقتول کی بیوی نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ شعیب نےقریبی عزیزواقارب کی مدد سےاپنے والد کو کئی بار سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ باز نہ آیا۔ جس پر شعیب نے اپنے ہی والدکو قتل کروانےکی منصوبہ بندی کرلی۔

شعیب نے گجرپورہ میں کچھ عرصہ قبل جیل سے رہا ہوکر آنے والے 3 ملزمان کے ایک گروہ سے رابطہ کیا اور اپنے والد کو قتل کروانے کے لیے 10 ہزار روپے دیے۔ 16 جولائی کو ملزم شعیب اپنے والد کو کسی سے پیسے لینے کا بہانہ بناکر ساتھ لے گیا اور مغلپورہ کے قریب اجرتی قاتلوں کے حوالے کردیا۔ تینوں ملزمان مقتول عبدالرزاق کو گجرپورہ کے قریب کرول گھاٹی کے قریب لےگئے اور وہاں اسے سر اور پیٹ میں گولیاں مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے اس اندھےقتل کا مقدمہ مقتول کے بیٹے شعیب کی مدعیت میں درج کیا۔

تفتیشی ٹیم کو تفتیش کے دوران شعیب کے بیانات میں تضاد سے شک ہوا۔ پولیس نے مقتول کے گھر سے جائے وقوع تک مختلف مقامات سےسی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں۔ جن میں مقتول عبدالرزاق کو اس کے سگے بیٹے شعیب کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

تفتیشی ٹیم کو مغلپورہ کے قریب مقتول کی اجرتی قاتلوں کے ہمراہ فوٹیج بھی موصول ہوگئی۔ پولیس نے مدعی مقدمہ اور ملزمان کےموبائل فون کا ڈیٹا نکلوایا تو اس میں ان کا متعدد بار آپس میں رابطے کا انکشاف ہوگیا۔ جس کے بعد چاروں کو حراست میں لےکرتفتیش کی گئی توملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔

انچارج انوسٹی گیشن شیخ اکمل کےمطابق اجرتی قاتلوں سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزمان نے عبدالرزاق کو قتل کرنے کے لیے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔