امریکا ڈرون حملے بند کرے عافیہ صدیقی کا معاملہ حل کیا جائے نواز شریف

دونوں اطراف زمینی حقائق کو سمجھیں، رائیونڈ میں قائم مقام امریکی سفیر سے ملاقات میں بات چیت


INP/Numainda Express August 30, 2012
دونوں اطراف زمینی حقائق کو سمجھیں،باہمی تعلقات کو مستحکم کیا جائے، رائیونڈ میں قائم مقام امریکی سفیر سے ملاقات میں بات چیت۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان میں امریکاکے قائم مقام سفیر رچرڈ ای ہاگلینڈنے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے بدھ کورائیونڈمیں ملاقات کی۔لاہور میں امریکی قونصل جنرل مس نینا فائٹ، وزیراعلیٰ شہبازشریف اورسینیٹ میں قائد حزب اختلاف اسحاق ڈاربھی اس موقع پر موجودتھے۔

ملاقات کے دوران خطے کے مختلف سیاسی اورجغرافیائی حالات تفصیل سے زیر بحث آئے۔ نوازشریف نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی آزادی اورخودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور امریکاکو اس کا احترام کرنا چاہیے۔ ڈرون حملوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بھی اثر پڑتا ہے ۔ پاک امریکامیں برابری کی سطح کے تعلقات ہی دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں ۔دونوں اطراف کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق اور باہمی ضروریات کوسمجھیں۔

انھوں نے اس امر پر زوردیا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مستحکم کیا جائے ۔ علاوہ ازیں امریکامیں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس جلد اور اطمینان بخش طریقے سے حل کیا جائے کیونکہ ایسا کرنے سے تعلقات میں موجود تلخی نہ صرف دور ہوگی بلکہ پاکستان اور امریکاکے باہمی تعلقات میںپیشرفت بھی ہوگی۔آئی این پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نوازشریف نے کہاکہ امریکاکی طرف سے ڈرون حملوں پر پاکستانی پارلیمنٹ کی قراردادوں اور عوامی جذبات اور احساسات کو مجروح کرنے کی وجہ سے ہی پاکستانی عوام کی اکثریت امریکاکو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتی ہے لہٰذا امریکا فوری طور پر پاکستان پر اپنے ڈرون حملے بند کرے۔

امریکا کے قائم مقام سفیر نے نواز شریف کی پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے کے سلسلے میں اعتماد افزأ اقدامات میں پہل کرنے کی کوشش کوسراہا۔ انھوںنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکادہشت گردی کے خلاف جنگ میںپاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا اور پاکستان میں جمہوریت کی حمایت بھی کرتے رہیں گے ۔ قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ وہ نوازشریف کے جذبات سے امریکی حکومت کو آگاہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں