گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار اچھا کام کریں گے وزیراعلیٰ سندھ

کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی ہے، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک August 08, 2019
کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی ہے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی ہے تاہم انتظامیہ گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار اچھا کام کرے گی۔

کراچی میں میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کی ہماری بھرپور تیاری ہے، انتظامیہ گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار اچھا کام کرے گی، مطلوبہ عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، میں یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ تمام ادارے فیلڈ میں ہوں گے اور عوام کو کم سے کم تکلیف دیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی ہے، میں گزشتہ روز حیدرآباد گیا تھا، اس کی تیاری سے متعلق اجلاس بلاکر ہدایات دیں تھیں اور آج یہاں بھی اجلاس بلایا تھا جب کہ مویشی منڈی کی انتظامیہ سندھ حکومت یا بلدیاتی حکومت کے پاس نہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک میرے ماتحت نہیں، میں پھر بھی شہر کے لوگوں کی زندگی سے انکو کھیلنے کی اجازت نہیں دوں گا جب کہ کچرے کو ٹھکانہ لگانے کا کام سندھ حکومت کا نہیں، جو ڈی ایم سیز اپنے علاقوں سے کچرا اٹھانا چاہتی ہے وہ سندھ حکومت کے ساتھ معاہدہ کریں۔

مریم نواز کی گرفتار سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں مریم نواز کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، کل مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتا ہوں، 2 سابق وزیراعظم اور ایک سابق صدر حراست میں ہیں، کشمیر پر بھارتی جارحیت جیسی صورتحال میں یہ گرفتاریاں انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنر کی تعیناتی سے متعلق آئینی بحران وزیراعظم نے پیدا کیا ہے، ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے قائم مقام گورنر بن جاتی تو کیا اسپیکر اجلاس کی صدارت کرتا، جوکہ کسی صورت ٹھیک نہ ہوتا۔ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے پلاسٹک بیگز بند کروانے کا عزم کیا ہے، دکاندار پلاسٹک بیگز میں اشیاء ہرگز نہ دیں، کپڑے کا یہ کاغذ کے بیگز استعمال کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔